PL-15 سے لیس Thunder کی پہلی جھلک
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
جنوبی ایشیاء ایک مرتبہ پھر جنگ کے دہانے پر کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کی افواج سرحد پر آمنے سامنے آ چکی ہیں اور خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پاک فوج نے ایل او سی پر پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ہے۔بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کرنے کی کوشش کی ۔ پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے دشمن کی اس مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا۔یہ واقعہ پاک فوج کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پہلگام میں بے گناہ سیاحوں پر حملے کے چند منٹوں بعد ہی بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا۔ بھارتی حکومت کی یہ جلد بازی اور بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر انگلی اٹھانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔پاکستانی وزیر دفاع نے کھلے الفاظ میں دنیا کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارتی حملے کے خدشے پر سرحد پر پاکستان کی فوجی قوت مزید بڑھا دی گئی ہے۔ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف اس صورت میں کرے گا جب ہمارے وجود کو براہ راست خطرہ ہو۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی طرف سے حملے کا امکان ہے۔ اس صورت حال میں پاکستان کو کچھ اسٹریٹجک فیصلے کرنا ضروری تھے اور وہ فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ پاکستانی فوج نے حکومت کو بھارتی حملے کے امکان سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے سرحد پار سینکڑوں اہداف کی نشاندہی کر لی ہے اور کسی بھی حملے کی صورت میں ان اہداف کو چند ہی منٹوں میں نشانہ بنایا جائے گا۔ایک روز قبل ہی پاکستان ایئر فورس کی جانب سے جاری کی گئی ایک غیرمعمولی تصویر نے دفاعی تجزیہ کاروں اور شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ تصویر JF-17 Thunder طیارے کو دکھاتی ہے جو PL-15 طویل فاصلے تک مار کرنے والے BVR (Beyond Visual Range) میزائلوں سے لیس ہے اور وہ بھی ڈوئل ریک (dual racks) پر نصب حالت میں۔ یہ پہلی بار ہے کہ ایسی کوئی تصویر عوامی سطح پر جاری کی گئی ہے جو نہ صرف PAF کی تکنیکی صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ دشمن کے لیے ایک خاموش مگر واضح پیغام بھی ہے۔PL-15 میزائل کی شمولیت، جس کی رینج 200 کلومیٹر سے زائد بتائی جاتی ہے، JF-17 کی صلاحیتوں کو ایک نئے درجے پر لے جاتی ہے۔ یہ ہتھیار دشمن کے طیاروں کو دور ہی سے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو فضائی برتری کے حصول میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان ایئر فورس (PAF) ہمیشہ سے وطنِ عزیز کی فضائی حدود کی محافظ رہی ہے۔ ماضی گواہ ہے کہ جب کبھی دشمن نے سرحدوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا پاک فضائیہ نے نہ صرف بروقت جواب دیا بلکہ دشمن کو ایسی چوٹ دی کہ وہ مدتوں یاد رکھے۔ یہی جذبہ، یہی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج PAF کو دنیا کی بہترین فضائی افواج میں شامل کرتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کا آغاز نہیں کیا۔ نہ ہی ریاست پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق ثابت ہوا ہے۔ اب تک کسی بھی پاکستانی نان اسٹیٹ ایکٹر کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔ پاکستان بار بار دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتا رہا ہے اور نہ صرف اپنے ملک سے بلکہ پورے خطے سے جبکہ بھارت نہ صرف پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتا ہے بلکہ کشمیری عوام کو بھی ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں عام لوگوں کے گھروں کو تباہ کیا جا رہا ہے ان کے رشتہ داروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور کشمیریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔
(جاری ہے)
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا
بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کی تھی۔ سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر کو ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی ناکام بناتے ہوئے مار گرایا گیا۔ بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کی تھی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے دشمن کی اس مذموم کوشش کو ناکام بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔