ہم لڑنا نہیں چاہتے مگر قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، رضوان سعید شیخ
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی جریدے نیوز ویک کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ہم لڑائی نہیں چاہتے وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں، لیکن اگر قومی وقار کا دفاع کرنا پڑا تو پاکستانی قوم کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی جریدے نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تعمیری کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دنیا میں جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کا عزم قابل تحسین ہے۔سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کا تنازع دو جوہری طاقتوں کے درمیان سب سے بڑا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کو غیر منطقی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس کے خلاف پاکستان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے۔ پہلگام واقعے کو انہوں نے فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی یافتہ خطے کا خواہاں ہے، کیونکہ معاشی ترقی کے لیے خطے میں امن ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی حیثیت کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔پاکستانی سفیر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو معاہدے کی شقوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں، جابرانہ پالیسیوں یا انتخابی ضرورتوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے رضوان سعید شیخ کہ پاکستان انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈز کے حادثات میں 22 افراد جاں بحق
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاق 19 جولائی سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور فلش فلڈز سے مجموعی طور پر 9 مرد، 10 بچے اور تین خواتین جاں بحق ہوئیں۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈز کے حادثات میں 5 روز کے دوران 22 شہری جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاق 19 جولائی سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور فلش فلڈز سے مجموعی طور پر 9 مرد، 10 بچے اور تین خواتین جاں بحق ہوئیں۔ اعلامیے کے مطابق زخمیں میں 11 مرد، 5 خواتین 7 بچے شامل ہیں جبکہ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 29 گھروں کو جزوی جبکہ 8 گھر مکمل منہدم ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان , بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر اور اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور، ٹانک، تور غر اور کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین میں جلد امدادی سامان تقسیم کردے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ صوبہ کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاو معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آج تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/ اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔