وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارت سے کشیدگی و سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
فائل فوٹو۔
صدر آصف زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پہلگام حملےکے بعد بھارت کیساتھ کشیدگی اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قوم کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ افواج ِپاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس نے پہلگام حملےکے بعد بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی برادری دہشتگردوں کی فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔ صدر مملکت نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا پاکستان ہر قیمت پر خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرے گا۔
اجلاس میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعظم نے کوویڈ 19 سے صحتیاب ہونے کے بعد صدر مملکت کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت بھارت کے کسی بھی
پڑھیں:
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کرغزستان کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات
—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف سے کرغزستان کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت کرغزستان کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین عادل بیسالوف نے کی۔
وفد پاکستان کرغزستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے لیے پاکستان آیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے آئی جی سی کے پانچویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیر اعظم نے پروٹوکول اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کو سراہا اور آئی جی سی میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
عادل بیسالوف نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی جی سی کے نتائج گہرے اور مزید نتیجہ خیز تعاون کا باعث بنیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ مضبوط تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔