خیبرپی کے میں حملے ‘ آپریشن : ایایس آئی ‘ 2اہلکار شہید ‘ 5خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
اسلام آباد‘پشاور (خبرنگارخصوصی‘نمائندہ خصوصی‘ بیورورپورٹ) مختلف کارروائیوں میں پانچ خوارج ہلاک ‘2گرفتار اوردہشتگردوں کے حملوں میں اے ایس آئی سمیت تین اہلکار شہید ‘دوزخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پی کے میں 3 مختلف آپریشنز میں 5 خارجیوں کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کرلیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 3 خارجی ہلاک ہوئے، جن میں انتہائی اہم مطلوب خارجی فرید اللہ بھی مارا گیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خارجی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔ مہمند میں سکیورٹی فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا، مہمند سے خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کیلئے چوکس ہیں اور ارض وطن میں قیام امن کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ‘وزیراعظم شہباز شریف ‘بلاول بھٹو اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پی کے میں مختلف کارروائیوں میں 5 خوارج جہنم واصل، 2 گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں دوسکیورٹی اہلکاروں سمیت تین افراد جاںبحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ‘بنوں کینٹ پر دو راکٹ گولے داغے گئے ‘ ایک گولہ ہائی کورٹ کے احاطے میں آگرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بونیر کے علاقے گلبانڈی پولیس سٹیشن کی حدود میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی انور محمود شہید ہو گئے ‘بنوں میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سی ٹی ڈی کا اہلکار عمرانہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شہید اہلکار کو دو روز قبل تھانہ ڈومیل کی حدود میں دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے دوران شدید زخمی کیا گیا تھا۔ادھر ضلع لکی مروت میں پولیس چوکی 15گنڈی چوک پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔پولیس کے مطابق حملے میں دہشت گردوں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں چوکی کا مین گیٹ مکمل طورپرتباہ ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی شہری گولی لگنے سے جاںبحق ہو گیا جبکہ ایک پولیس اہلکاراورچوکی کا چوکیدارزخمی ہوگئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سکیورٹی فورسز
پڑھیں:
اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، ساتھی فرار
اوکاڑہ کے علاقے تھانہ حجرہ شاہ مقیم میں ہونے والے پولیس مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد یار ولد محمد اشرف سکنہ اڈا صالحوال کے نام سے ہوئی ہے، جو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اور راہزنی سمیت 23 سنگین جرائم میں ملوث تھا۔
ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق محمد یار ایک بین الاضلاعی جرائم پیشہ فرد تھا، جس کا لاہور، اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے تھانوں میں سنگین مقدمات کا ریکارڈ موجود ہے۔ پانچ روز قبل اسی ملزم نے پولیس اہلکار مرید کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین مسلح ڈاکو حجرہ شہر سے اسلحہ کے زور پر ایک موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ حجرہ شاہ مقیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔ پاکستانی پل کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دو ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی۔