ترکیہ کا بحری جہاز خیر سگالی دورے پر کراچی پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
کراچی: ترک بحریہ کا جہاز TCG BÜYÜKADA خیر سگالی دورے پر کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔
پاکستان آمد پر ترکیہ اور پاک بحریہ کے حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی میں قیام کے دوران، TCG BÜYÜKADA کا عملہ پاک بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔
اس دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، ہم آہنگی اور بحری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ترک بحری جہاز کا یہ خیر سگالی دورہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین مضبوط ہوتے ہوئے بحری تعلقات کا مظہر ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی روابط اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: ٹرالر کی ٹکر سے بائیک سوار طالب علم بحق، دوسرا زخمی
کراچی:ماڑی پور میں ٹریفک حادثہ میں ایک طالب علم جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ ماڑی پور ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرالر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بائیک سوار کی شناخت 18 سالہ عصمت ولد اعجاز اور زخمی کی شناخت 18 سالہ نوید ولد ستورو کے ناموں سے ہوئی۔
چھیپا ترجمان چوہدری شاہد حسین کے مطابق دونوں نوجوان غلامان عباس اسکول کے طالب علم اور ہاکس بے کے رہائشی ہیں۔ دونوں اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے گیٹ پر حادثہ ہوگیا۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوانوں کو ٹرالر نے ٹکر ماری ہے یا اس کی زد میں آئے ہیں تحقیقات کررہے ہیں۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔