عمانی وزیراداخلہ سے خطے کی صوتحال پر گفتگو : بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہورہا ‘ بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپورجواب دینگے : محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مسقط میں عمان کی وزارت داخلہ آمد، عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اہم ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی ہم منصب کو پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کا موقف بہت واضح ہے، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔ ملاقات میںپاکستانیوں کو ویزا کے حصول میں مسائل، انسداد منشیات و انسداد سمگلنگ، پولیس ٹریننگ، کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید پر پاکستانی قیدیوں کے لئے ایمنسٹی پر عمان کے سطان کا شکریہ ادا کیا۔ عمان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا عمان اور پاکستان مشترکہ اقدار رکھتے ہیں، ہم بھائی بھی ہیں اور ہمسائے بھی، پاک عمان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔ عمان کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے کے لئے اقدامات دنوں میں نظر آئیں گے۔ عمانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور عمان انتہائی برادرانہ و تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ عمان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفیر سید نوید صفدر بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: داخلہ محسن نقوی وزیر داخلہ
پڑھیں:
سیلاب سے متاثرہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ساتھ، امدادی پیکج دینگے: شہباز شریف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت، انتظامیہ اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ متاثرہ علاقوں اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا اور نقصانات کے ہرممکن ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی پیکج دیا جائے گا۔ تمام متعلقہ وفاقی ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ شدید مون سون سیزن کے تناظر میں ملک بھر اور خصوصاً آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات کے افسوسناک واقعات ہوئے۔ شدید موسمی صورتحال کے نقصانات سے بچائو کے لیے محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر موثر اور فعال بنایا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں جانی و مالی نقصانات سے بچائو کو اولین ترجیح دی جائے۔ ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی اور تعمیر و مرمت پر مقامی اور متعلقہ وفاقی ادارے خصوصی توجہ دیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملک بھر میں شدید مون سون سے ہونے والے اب تک کے نقصانات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ممکنہ موسمی صورتحال اور اب تک کیے گئے اقدامات پر اجلاس میں بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ مون سون سیزن میں اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 295 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 700 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔1600 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 376 مویشی بھی بارشوں کی نذر ہو گئے۔ حالیہ مون سون سیزن میں ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ تربیلا، چشمہ، تونسہ، کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور گدو کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکانات ہیں۔ حالیہ مون سون سیزن اگست کے آخر میں شدید ہونے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے اپنے طور پر بچائو کے لیے بھرپور انتظامات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی حد سے تجاوز کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں کاروباری تیزی سرمایہ کاروں کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے۔ کاروبار و سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی۔ الحمدللہ پاکستان کی معاشی سمت بہتر اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔