برطانیہ میں امیگریشن قوانین میں بڑی تبدیلیاں: شہریت کے لیے 10 سال کی شرط لگادی
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
لندن: برطانوی حکومت نے امیگریشن نظام میں اہم اور سخت تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد غیر ملکی لیبر پر انحصار کم کرنا اور ویزا سسٹم پر کنٹرول مزید سخت بنانا ہے۔
نئے وائٹ پیپر کے مطابق، اب برطانیہ میں مستقل رہائش (Settlement) اور شہریت (Citizenship) حاصل کرنے کے لیے کم از کم 10 سال کی قانونی موجودگی درکار ہوگی، جو پہلے 5 سال تھی۔
ہوم آفس کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غیر ملکی شہری برطانوی معاشرے میں مثبت اور بامعنی کردار ادا کریں۔
مزید اہم تبدیلیوں میں شامل ہیں:
کام کے ویزا کے لیے اہلیت کا معیار دوبارہ RQF لیول 6 (یعنی گریجویٹ سطح) تک بڑھا دیا گیا۔
امیگریشن سیلری لسٹ ختم کر دی گئی، جس کے تحت کم تنخواہ پر بھرتی کی اجازت تھی۔
سوشل کیئر ویزا روٹ بند کر دیا جائے گا، تاہم پہلے سے موجود درخواست دہندگان 2028 تک ویزا کی توسیع کر سکیں گے۔
انگلش زبان کی شرط اب زیادہ ویزا کیٹیگریز، حتیٰ کہ ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔
اسٹڈی ویزا کی پالیسی سخت کر دی گئی ہے، پوسٹ اسٹڈی ورک پیریڈ اب 2 سال سے کم کر کے 18 ماہ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی مجرموں کی ڈی پورٹیشن میں تیزی لانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، چاہے قید کی سزا ہوئی ہو یا نہیں۔
ہوم آفس کے مطابق، یہ اقدامات ایک منصفانہ، قابو میں رہنے والا اور معاشی ترقی کو سہارا دینے والا امیگریشن نظام بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوامی سہولیات پر بوجھ کم ہو۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
کراچی؛ جعلی دستاویزات پر امریکی ویزا حاصل کرنے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
کراچی:انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر ویزا حاصل کرنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امریکی ویزا کے حصول کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات فراہم کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان کو امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر گرفتار کیا گیا جن کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو امریکی قونصلیٹ کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے طبی بنیادوں پر امریکی ویزے کے حصول کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات تیار کیں۔ ملزمان عقیل اور تبسم ضیاء نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق عقیل نامی ایجنٹ نے ملزم توصیف سے امریکی ویزے کے حصول کے لیے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے جبکہ ملزم عمران نذیر نے تبسم ضیاء نامی ایجنٹ سے ویزا کے حصول کے لیے 25 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے۔
جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکی قونصلیٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر مذکورہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔