76 سالہ فرانسیسی اداکار کو 2 خواتین کیساتھ جنسی ہراسانی پر قید کی سزا
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
فرانسیسی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ اداکار جیرار دیپارڈیو کو جنسی ہراسانی کا مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنادی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے عالمی شہرت یافتہ اداکار جیرار دیپارڈیو کو دو خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں 18 ماہ قید کی ’معطل‘ سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں حیرانی کا اظہار کیا کہ اداکار نے اپنے کیے پر ندامت یا پشیمانی ظاہر نہیں کی۔ اس لیے وہ متاثرہ خواتین کو گیارہ گیارہ سو ڈالر ہرجانہ بھی ادا کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ 76 سالہ جیرار دیپارڈیو کو جنسی مجرم کے طور پر بھی رجسٹرڈ کیا جائے اور نگرانی کی جائے۔
اداکار جیرار دیپارڈیو فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے۔ اداکار کے وکیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
خیال رہے کہ یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب کانز فلم فیسٹیول 2025 کا آغاز ہوا۔ جیرار دیپارڈیو کو کانز فلم فیسٹیول 1990 میں بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
وہ کئی دہائیوں تک فرانسیسی سینما کے سب سے کامیاب اداکار تصور کیے جاتے رہے ہیں تاہم می ٹو مہم کے دوران 20 سے زائد خواتین نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔
مذکورہ کیس ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا عدالت میں زیر سماعت پہلے مقدمہ تھا۔ یہ مقدمہ 2021 میں فلم "Les Volets Verts" کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر مبنی تھا۔
متاثرہ خواتین 54 سالہ سیٹ ڈریسر اور 34 سالہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے عدالتی فیصلے پر کہا کہ وہ ایک مشکل اور کٹھن دور کے بعد اب راحت محسوس کر رہی ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، بچیوں کو اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے گینگ کا ملزم گرفتار
کراچی:پولیس نے بچیوں کو اغوا کرکے اپنی ہوس کا نشانہ بنانے والے گینگ کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق کھارادر میں دو روز قبل پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے والا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت شہزاد عرف فیضو کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار عمران کالو گینگ سے ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کا دو روز قبل کھارادر میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں ملزم فرار ہوگیا تھا جبکہ ملزم کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا بعد ازاں ملزم کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کھارادر کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اسکول جانے والی بچیوں کو اغوا کرکے 20 سے 25 دن تک اپنی ہوس کا نشانہ بناتے تھے اور بعد ازاں ان کو قتل کر دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی مختلف تھانوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹیگیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔