راولپنڈی: ملتوی شدہ امتحانات کی نئی تاریخیں سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 15th, May 2025 GMT
— فائل فوٹو
راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے پاک بھارت کشیدگی کے پیشِ نظر ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان کا کہنا ہے کہ میٹرک کے پریکٹیکلز 27 اور 29 مئی کو ہوں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے پیپرز 31 مئی اور 16جون کو لیےجائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ طلبہ اپنے پرانے مراکز میں ہی امتحان دیں گے۔ تاہم نئی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہیں۔
تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے 12 مئی کو ہونے والے تمام امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق لینے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ طلبہ کو جاری پرانی رول نمبر سلپس بھی قابلِ قبول ہوں گی۔
محمد عدنان خان کا کہنا ہے کہ شہریات پارٹ 2 کا پرچہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ طلبہ کو نمبرز پارٹ 1 کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے خطرے کے سبب 7 اور 8 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے تھے جن کی نئی تاریخوں کا اعلان اب کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی ایس ایل 10 کے نئے شیڈول کا اعلان ہوگیا، میچز کہاں کھیلے جائیں گے؟
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، ابتدائی 4 میچز راولپنڈی جبکہ فائنل پلے آف اور ایلمینیٹر میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
گزشتہ روز ذرائع سے یہ خبر نشر ہوئی تھی کہ پی ایس ایل 10 کے بقیہ 8 میچز کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لیے 17 سے 25 مئی کی تاریخ رکھی گئی ہے اور یہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے حتمی شیڈول جاری کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا تھا۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 17 مئی بروز ہفتہ کو پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کنگز سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اسی طرح 18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا، دوپہر میں ملتان سلطانز کا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا اور شام کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔
19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں مدمقابل ہوں گے جس کے بعد پہلا کوالیفائر 21 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ 22 مئی کو پہلا ایلمینیٹر اور 23 مئی کو دوسرا ایلمینیٹر قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوپہر کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جبکہ شام کے میچز مقررہ وقت کے مطابق شام 7.30 بجے ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور متعدد کھلاڑیوں نے واپس آنے کی حامی بھی بھرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جن فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے ان کے بدلے مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:شوٹنگ سیٹ پر کپڑے تبدیل کرتے وقت اداکارہ کو سب مرد دیکھنے لگ گئے، اریج چوہدری