محسن نقوی سے امریکی سفیر کی اہم ملاقات، پاک امریکہ تعلقات اور سیزفائر پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے پاک بھارت سیزفائر میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی ممکن بنانا ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت سے متعلق امریکی صدر کے مثبت خیالات خوش آئند ہیں اور پاکستان امریکہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔اس اہم ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک تھے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا کا اچانک دورہ ،شہریوں کے مثبت تاثرات پر انچارج اور عملہ کو شاباش ،مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہفتے میں سات دن چوبیس گھنٹے کام کرنے والے نادرا میگا سنٹر بلیو ایریا کا اچانک دورہ کیا، شہریوں کے مثبت تاثرات پر انچارج اور عملہ کو شاباش دی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اچانک دورے کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر میں شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے تاثرات بھی دریافت کئے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے کے وقت کے بارے استفسار کیا جس پر شہریوں نے میگا سنٹر میں مہیا کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔(جاری ہے)
شہریوں نے کہا کہ اب انتظار نہیں کرنا پڑتا، باری جلد آجاتی ہے۔ شہریوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ عملہ بھی بہت تعاون کرتا ہے، آپ کے آنے سے حالات بہت بہتر ہوئے ہیں۔
وزیرداخلہ نے شہریوں کے مثبت تاثرات پر نادرا میگا سنٹر کے شفٹ انچارج اور عملے کو شاباش دی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ دورے کے دوران وزیرداخلہ محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا اور مختلف کاونٹرز پر جاکر شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل بھی پوچھے اور شہریوں کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جدید خودکار مشین کا معائنہ بھی کیا اور خودکار شناختی کارڈ نمبر کے اندراج اور فنگر پرنٹس کے ذریعے خودکار نظام کے طریقہ کار کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سنٹر آکر خوشی ہوئی کہ شہریوں کو انتظار کی زحمت نہیں ہو رہی ۔ نادرا سنٹر میں بغیر انتظار کام ہونا خوش آئند ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کے لئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔