مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں ابھر کرسامنے آگیا، حکومت تنازعہ کے حل کو یقنی بنائے، حافظ نعیم الرحمن
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
امیر جماعت کا آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر یوم تشکر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حالیہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے معصوم کشمیریوں اور سویلین کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کریں گے تو کشمیری اور پاکستانی اسے تسلیم نہیں کریں گے، کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ کے طور پر موجود ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حالیہ پاک بھارت جنگ کے نتیجہ میں مسئلہ کشمیر ایک دفعہ پھر پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آیا ہے، حکومت پاکستان اس موقع کا فائدہ اٹھائے اور تنازعہ کشمیر کے حل کو اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق یقینی بنائے۔ اہل کشمیر اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علاوہ کسی اور سمجھوتہ کو قبول نہیں کرے گی۔ تنازعہ کے حل کے بغیر خطہ میں امن ممکن نہیں۔ عباس پور، ہجیرہ، دوارندی اور بٹل سیکٹر میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیراہتمام یوم تشکر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور ہر مرد و زن کو جنگی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے۔
انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ حالیہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے معصوم کشمیریوں اور سویلین کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیا جائے گا۔ امیر جماعت نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی قسم کی تجارت قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کریں گے تو کشمیری اور پاکستانی اسے تسلیم نہیں کریں گے، کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ کے طور پر موجود ہے۔
امیر جماعت نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقاتیں کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کنٹرول لائن پر موجود فوجی جوانوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کو داد شجاعت دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی پاکستان اور پچیس کروڑ پاکستانی عوام ان کے شانہ بشانہ ہیں، انہوں نے جنگ میں پاکستان کی فتح کو کشمیریوں کی فتح قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے، پوری امت اس پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کررہی ہے۔ ایٹمی پاکستان ہی کشمیریوں کی امید ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمن کریں گے
پڑھیں:
کراچی کی مئیرشپ پر ڈاکا ڈالا گیا،حافظ نعیم الرحمان
پورا عدالتی نظام یرغمال ہے ،سپریم کورٹ سے جعلی فیصلے کرواکر سیاست کی جاتی ہے
اسٹبلشمنٹ آج اپوزیشن سے بات کر لے تو یہ نظام کو قبول کرلیں گے ،امیر جماعت
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹبلشمنٹ نے ٹرمپ کی چاپلوسی میں کشمیر پر کمپرومائز کیا تو قوم مزاحمت کرے گی۔ تجارت اور ڈالروں کے عوض کشمیر پر سودے بازی کرنے والوں کو قوم عبرت کا نشان بنا دیں گے ۔حکمران بھارت سے بار بار دھوکہ کھانے کے باوجوداس کے فریب میں مبتلا ہیں۔ امریکی غلاموں نے پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام روک رکھا جبکہ ایران نے اپنے حصے کا کام مکمل کرلیا ہے ۔اگر حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں کی فکر ہوتی تو اب تک پاک ایران گیس لائن مکمل ہوچکی ہوتی اور تیل بھی ایران سے خریدا جاتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ لاہور میں ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ کے کارکنان کی تربیت گاہ میں اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں کرپشن کے میگا اسیکنڈلز سامنے آچکے ہیں اور سندھ تو پہلے ہی کرپشن میں خودکفیل ہے ۔ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کا 12واں سال ہے لیکن دریائے سوات میں ڈوبنے والوں کو ریسکیو کرنے کا کوئی نظام نہیں تھا۔ سیاست پر جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے قبضہ کررکھا ہے ۔یہ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے اقتدار میں آتے ہیں اور جب اقتدار چھن جاتا ہے تو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں گورننس کا بحران ہے ۔پورا عدالتی نظام یرغمال ہے ۔سپریم کورٹ سے جعلی فیصلے کرواکر سیاست کی جاتی ہے ۔سپریم کورٹ نے ایک شرمناک فیصلہ کے ذریعے مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد میں بانٹ دیں حالانکہ ان پر تحریک انصاف کا حق تھا۔اب دیکھنا ہے کہ اصولی سیاست کی باتیں کرنے والے سیٹیں وصول کرینگے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی انتخابات میں جماعت اسلامی کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ہماری کئی جیتی ہوئی سیٹیں دوسری پارٹیوں میں بانٹ دی گئیں۔ کراچی کی مئیرشپ پر بھی ڈاکا ڈالا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کیلئے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور ساری عمرپاکستان کی جنگ لڑی مگر ہمارے حکمرانوں نے ان کے شایان شان انہیں وہ مقام نہیں دیا جو ان کا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا حکمران طبقہ ڈرتا ہے کہ اگر اصل ہیرو سامنے آگئے تو جعلی ہیرو کہاں جائیں گے۔