پارلیمنٹ نے پاک بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے، نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج رائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ سابق وزیراعظم نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سعودی عرب کا خطے میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم سے اظہارِ تشکر
اسلام آباد:سعودی عرب کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے امور زیر بحث آئے۔
اہم ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے پرخلوص جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جون کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی اپنی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور تحسین کی۔
انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، جسے انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے اور انہوں نے اس دوران سعودی عرب کی حمایت سے اپنی قیادت کو مضبوطی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔