بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم سے وطن کا دفاع کیا، نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج رائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پولیس کی جوابی فائرنگ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
پولیس جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے راہزنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ناکام بنا دیا. ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد تھانہ کھنہ کے علاقہ میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ دو ہونڈا 125 موٹر سائیکلوں پر چھ مسلح ڈکیت واردات کی نیت سے جا رہے تھے۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے دو جوانوں کو سیدھی گولیاں لگیں لیکن حفاظتی اقدامات ،بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔ پولیس ٹیم معمول کی چیکنگ میں مصروف تھی۔ تین ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہوئے۔ گرفتار زخمی ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس والوں کی جانب سے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔