پاکستان نے آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران شاہین میزائل استعمال کرنے کے بھارتی دعوؤں کو مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
پاکستان نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں شاہین میزائل استعمال کرنے سے متعلق بھارتی ذرائع ابلاغ کے بےبنیاد دعوؤں کو مسترد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے ان بے بنیاد دعوؤں کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ یہ الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے شاہین میزائل استعمال کیا، جب بھارتی فوج کو اپنی غلطی کا ادراک ہوا تو اس ویڈیو کو فوراً حذف کر دیا گیا، تاہم، تب تک بھارتی میڈیا کے کچھ حلقے بغیر تصدیق کے اس جھوٹے دعوے کو بڑھا چکے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب بھی بعض بھارتی میڈیا ادارے اس جھوٹی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ امر قابلِ غور ہے کہ بھارتی فوج کے سرکاری اکاؤنٹ نے اب تک اس غلط پوسٹ پر کوئی وضاحت یا تردید جاری نہیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ من گھڑت اطلاعات دراصل بھارت کی آپریشن "سندور" میں ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں، پاکستان کی روایتی فوجی صلاحیتوں نے واضح برتری حاصل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کے ساتھ ساتھ یہ پروپیگنڈا نئی دہلی کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستان پر "جوہری بلیک میلنگ" جیسے من گھڑت الزامات پر مبنی بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کا تسلسل ہے۔
پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے ہتھیاروں کی مکمل تفصیل آئی ایس پی آر کی 12 مئی کی پریس ریلیز میں دی گئی ہے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے فَتح سیریز F1 اور F2 میزائل، جدید ترین ہتھیار، لانگ رینج لوئٹرنگ کِلر ڈرونز، اور ہائی پریسیژن طویل فاصلے کی توپیں شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ان میزائلوں سے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں واقع مخصوص فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، غیر مصدقہ اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے، سرکاری اداروں کی پیشہ وارانہ ساکھ پر بھی سوال اٹھاتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
معرکہ حق: آپریشن بُنیان مرصوص کی اہمیت کم کرنے کیلئے بھارت کا بڑا منصوبہ بے نقاب
پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو کم کرنے کیلئے بھارت کا بڑا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کے ہاتھوں آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سرکار اور مسلح افواج تاحال تڑپ رہی ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کیلئے فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان کی خدمات حاصل کرلیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ احسان اللہ احسان نے بھارتی اخبار دی سنڈے گارڈین میں ایک مضمون لکھا ہے جس میں بے بنیاد دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اندر مزید دو دہشتگردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں اس طرح کی خبریں چلانے کا مقصد کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے، حقیقت میں بھارت ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے بعد مزید فالس فلیگ آپریشنز کی تیاری کر رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ احسان اللہ احسان جو فتنہ الخوراج کا ترجمان رہا ہے کا یہ مضمون بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی دراصل گواہی ہے، اخبار 'سنڈے گارڈین' ایک پروپیگنڈہ ٹول کے طور پر بھارتی ایجنسی سے منسلک ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اس اخبار کو مالی معاونت فراہم کرتی ہیں، مالی اعانت کے بعد یہ اخبار تحریکِ طالبان اور ان کے حامیوں کو میڈیا اور معلوماتی پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اخبار کا مالک کارتیکیہ شرما، مودی کے قریبی ساتھی اور آر ایس ایس کے سخت گیرنظریات کا حامی ہے، دی سنڈے گارڈین’ کے مرکزی لکھاری ابھینندن مشرا، احسان اللہ احسان کے فرار کی خبر دینے والے پہلے صحافی تھے، جو بھارتی اداروں کی اندرونی مداخلت کو ظاہر کرتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ احسان اللہ احسان فتنہ الخوراج اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘دونوں سے قریبی تعلق رکھتا اور ان کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے معمول کے مطابق مضامین لکھواتی ہیں، احسان اللہ احسان کے ممکنہ طور پر بھارت میں روپوش ہونے کی اطلاع بھارتی ایجنسیوں کے علم میں نہ آنا حیران کن ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ درحقیقت، بھارتی ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی ہی جعلی خبریں پھیلا رہی ہیں۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ احسان اللہ احسان کا مضمون ثابت کرتا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے ساتھ ساتھ دہشتگردی بھی کر رہا ہے، احسان اللہ احسان کا مضمون اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے ہاتھوں مار کھانے کے باوجود خطے کے امن کا دشمن بنا ہوا ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں بھرپور کوششوں کے باوجود دنیا کے سامنے اپنے سرپرست دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی سے انکار نہیں چھپا سکتیں۔