مخلص کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ‘ ان کی خدمات فراموش نہیں کی جاسکتیں : نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
لاہور(آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مخلص کارکنان مسلم لیگ ن کا اصل سرمایہ ہیں، ان کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بات ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جاتی عمرہ میں نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پرجوش اور وفادار کارکنان پارٹی کی طاقت ہیں جو بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان اور مسلم لیگ ن کے بیانیے کو مضبوطی سے دنیا کے سامنے رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔اس موقع پر ملک نور اعوان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ناصرف مسلم لیگ ن کے قائد ہیں بلکہ وہ پوری پاکستانی قوم کے محبوب لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے لے کر جے ایف تھنڈر جیسے اہم منصوبے نواز شریف کی قیادت میں ہی پایہ تکمیل کو پہنچے، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ملک نور اعوان نے مزید کہا کہ آج جے ایف تھنڈر بھارت کے عزائم کو خاک میں ملا رہا ہے اور اس کی بنیاد میاں نواز شریف کے انقلابی فیصلوں اور قومی سلامتی کے وژن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی بالخصوص بیرونِ ملک مقیم ن لیگی کارکنان نواز شریف کی قیادت پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔یہ ملاقات ایک خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور بیرونِ ملک پارٹی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
بہادر افواج نے عزم سے دفاع کیا، اللہ کا شکر امتحان میں سرخرو ہوئے: نوازشریف
لاہور، سندر‘ اسلام آباد ( نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ+ اے این این) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور ملک کے سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ نواز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی جاتی امراء (رائیونڈ) میں ملاقات کی۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم کے ساتھ وطن کا دفاع کیا۔ اس فتح پر اﷲ کا شکر ہے جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ پارلیمنٹ نے عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔ پاکستان بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا۔ قومی سلامتی کیلئے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر یک زبان ہونا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی۔ عوام نے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ پاکستانی میڈیا نے سچ پر مبنی بیانیے کو دنیا کے سامنے رکھ کر دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔ عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم سیاسی، خارجی امور پر بریفنگ دی گئی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال سمیت قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے سیاسی صورتحال پر غورکیا گیا۔ دوران گفتگو غیر ملکی وفود اور رہنماؤں سے ہونی والی گفتگو اور ملاقاتوں سے نوازشریف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی موجود تھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ چند گھنٹوں میں جرات، بہادری اور دلیری سے جوانوں نے وہ تاریخ رقم کی ہے جو قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے۔ آخر میں قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے شہباز شریف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، اللہ کا شکر ہے ہر میدان میں پاکستان کو ترقی مل رہی ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ یہ ملاقات بھارت سے حالیہ جنگ اور سیز فائر کے بعد پہلی اعلیٰ سطحی مشاورت تھی۔ وزیراعظم نے میاں نواز شریف کو جنگ، سیز فائر اور اس کے بعد کی ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے پاک فوج، فضائیہ اور نیوی کی قیادت کو جنگ میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی بہادر فورسز نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحیت نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا، لیکن پاکستان کی دفاعی قوت نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے۔ میاں نواز شریف نے چین، ترکیہ اور آذربائیجان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان دوست ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی کا حق ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی کہ بھارت کی کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ایٹمی دھماکوں سے لے کر حالیہ جنگ تک ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ ہم پاکستان کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی، ملکی سلامتی کے امور اور اپوزیشن کی جانب سے قومی مفاہمت کے بعد کیے گئے رابطوں سے متعلق بھی پارٹی قائد کو اعتماد میں لیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ قائد میاں نوازشریف سے مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی ملاقات ،مسلم لیگ (ن) کے صدر ملک نور اعوان نے بھارت کیخلاف پاکستان کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر میاں نوازشریف کو مبارکباد دی۔ملاقات میں ملکی سیاسی معاملات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ میاں نوازشریف نے نور اعوان کی پارٹی کیلئے جدوجہد اور خدمات کو سراہا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے صنفی ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے ،جو عالمی سطح پر دیہی خواتین میں ہونے والی سب سے بڑی بہتری ہے ،یہ کامیابیاں پاکستان کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کی عکاس ہیں۔ پاکستان شمولیت کے فروغ، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 2025ء کے موقع پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے عالمی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے کے موقع پر انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو ) کی قیادت کو دنیا بھر میں جامع اور مساوی ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے پر پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کا تھیم’’ڈیجیٹل تبدیلی کے معاملات میں صنفی مساوات کیوں ضروری؟‘‘ فوری ایکشن مانگتا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک ایسے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو شمولیت کو فروغ دے، خواتین کو بااختیار بنائے اور کسی کو پیچھے نہ چھوڑے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹارگٹڈ پالیسیوں، مہارتوں کے فروغ کے پروگراموں اور صنفی حساس ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ خواتین اور لڑکیاں ہمارے معاشرے کی ڈیجیٹل تبدیلی میں فعال طور پر حصہ لے سکیں اور اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر اعظم نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 2025 ء پر تمام سٹیک ہولڈرز سے صنفی ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور ایک جامع اور بااختیار ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔