خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، کور کمانڈرز کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔ دہشتگردی کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بےگناہ افراد شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں آپریشن بنیان مرصوص اور ضلع خضدار میں دہشتگردانہ حملے کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بےگناہ افراد شہید ہوئے، خضدار میں یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ محض بیوقوفی ہوگی، ایٹمی جنگ دونوں ممالک کے لیے باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے، ایٹمی جنگ ناقابل تصور اور نا معقول خیال ہونا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں، بیرونی جارحیت، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہیں۔
فورم نے کہا کہ نہتے شہریوں، معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایسا عمل بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابلِ مذمت خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کمزور آبادیوں کو استعمال کرکے یہ اپنے مذموم دہشت گردانہ عزائم کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں، ان کا مقصد مقامی آبادی اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان بد اعتمادی پیدا کرنا ہے جو ناکام رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے معرکہ حق کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔
شرکاء کانفرنس نے فیلڈ مارشل کے اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کیلئے گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، معرکہ حق کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کو سراہا، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 4 دن تک میزائل اور فضائی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے سینئر افسران ہاٹ لائن پر بات کرتے رہتے ہیں اس لیے امید ہے سرحد پر امن برقرار رہے گا۔
فورم نے پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن واریئرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور انفارمیشن واریئرز بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کیا، پاکستانی میڈیا نے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، نوجوانوں کے جوش و جذبے نے ناصرف قومی روح کو اُجاگر کیا بلکہ قومی بیانیہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔
فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت پر سلام پیش کیا، فورم نے سیاسی قیادت کے پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کیساتھ قوم کی رہنمائی پر بھی سلام پیش کیا۔
ڈوزیئر میں کہا گیا ہےکہ پاکستان امن کا علمبردار ہے اور اپنی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، ڈوزیئر میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا اور را سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارتی مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا، فورم نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیا، فورم نے پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔
فورم نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کیلئے مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ طاقت اور دھمکی آمیز رویے سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، فورم نے بلوچستان اور کے پی میں متحرک بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔
شرکاء کانفرنس کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت پاکستان میں بے امنی پھیلانے کے منصوبے پر عمل کر رہا ہے، بھارت خود کو دہشتگردی کا شکار ظاہر کرکے خود دہشتگردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے پراکسیز کا استعمال بھارت کا وتیرہ رہا ہے، کسی صورت بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی سے اپنے امن پر سمجھوتے کی اجازت نہیں دیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ا ئی ایس پی ا ر کے مطابق ر کے مطابق فورم نے فورم نے پاکستان کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آر کہ پاکستان پاکستان کے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی پیش کیا رہے گا کی گئی پیش کی
پڑھیں:
ایران نے عراق کے ذریعے بھیجی گئی امریکی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی، امریکی اخبار کا دعویٰ
تہران / واشنگٹن: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے عراق کے ذریعے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تہران نے واضح کیا ہے کہ عارضی جنگ بندی اس وقت تک قابل قبول نہیں جب تک بنیادی تنازعات، خصوصاً آبنائے ہرمز کے معاملے، کا حل پیش نہ کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم علی الزیدی حالیہ دورۂ واشنگٹن کے بعد تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور امریکا کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق پیغام پہنچایا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی تجویز کی مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں، تاہم ایرانی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ مختصر یا عارضی جنگ بندی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، کیونکہ اس میں آبنائے ہرمز کے کنٹرول اور دیگر اہم معاملات پر کوئی واضح پیش رفت شامل نہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس حوالے سے کہا کہ عراقی وزیراعظم نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں اور اپنے مشاہدات سے ایران کو آگاہ کیا، تاہم ایران اور امریکا کے درمیان پہلے ہی مختلف ممالک ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اصل مسئلہ پیغامات کی ترسیل نہیں بلکہ امریکا کا رویہ ہے۔ ان کے مطابق واشنگٹن کا غیرمنطقی، لالچی اور دوسروں پر کنٹرول قائم کرنے والا طرزِ عمل موجودہ بحران کی بنیادی وجہ ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اب بھی اپنے بنیادی مطالبات پر قائم ہے اور کسی ایسے معاہدے پر آمادہ نہیں جو اس کے اسٹریٹجک مفادات کو نظر انداز کرے۔
دوسری جانب خبر شائع ہونے تک امریکی حکومت نے نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ یا ایران کے مؤقف پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا تھا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عراق، قطر، پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کی ثالثی کی کوششیں بدستور جاری ہیں، تاہم ایران اور امریکا کے درمیان اہم اختلافات برقرار رہنے کے باعث فوری پیش رفت کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔