کراچی، این آئی سی ایچ میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا، ینگ ڈاکٹر کا اوپی ڈی کا بائیکاٹ
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
کراچی:
سندھ میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال (این آئی سی ایچ) میں طبی اور انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جہاں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے او پی ڈی کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔
این آئی سی ایچ میں انتظامی بحران کے خلاف مظاہرین نے کہا کہ اسپتال میں کولنگ سسٹم ناکام ہوچکا ہے، جس سے آئی ٹی یو اور وارڈز کی سروسز بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے اور حکومت تعیناتیوں میں تاخیر کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی ناقص صورت حال کے باعث ڈاکٹرز پر تشدد کے واقعات معمول بن چکے ہیں، ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کی سروسز معطل ہوچکی ہیں اور ادویات کی قلت نے والدین کو مہنگی دوائیں جیب سے خریدنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق وہ زکوٰۃ اور عطیات کے ذریعے مریض بچوں کے لیے ادویات کا بندوبست کرنے پر مجبور ہیں۔
مذکورہ ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا کہ بچوں کو علاج کی سہولیات، عملے کو تحفظ اور اسپتال کا نظام شفاف بنایا جائے، بصورت دیگر او پی ڈی سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر کے دھرنا دیا جائے گا۔
دوسری جانب اسپتال کے ڈائریکٹر ناصر سدل نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کو او پی ڈی بحال کرنے کی ہدایت کی، جس پر ان کے اور ڈاکٹروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی؛ 70 بچوں، بچیوں سے زیادتی کرنیوالے سفاک شخص پر ویڈیوز فروخت کرنے کا شبہہ
کراچی:قیوم آباد میں کمسن بچیوں اوربچوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے اورنازیبا ویڈیوز بنانے والے درندہ صفت سفاک ملزم کےخلاف ایک اورمقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ساتواں مقدمہ سندھ عارضی رہائشی ایکٹ کی خلاف ورزی پرملزم اورمالک مکان کےخلاف درج کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی ملزم کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 7 ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ملزم شبیر احمد تنولی ولد محمد شفیق کے خلاف مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں مکان مالک اعجاز اعوان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ملزم شبیر شربت والے اورمالک مکان اعجاز اعوان کی جانب سے کرایہ داری ایگریمنٹ تھانے میں جمع نہیں کروایا گیا جب کہ ملزم شبیرکمرے میں بچے اوربچیوں کو لاکر نازیبا حرکات کرتا تھا۔
پولیس تفتیش کے مطابق ملزم نے 60 سے 70 بچوں اور بچیوں کو بدفعلی کا نشانہ بنایا۔ گرفتار ملزم سے برآمد ہونےو الا موبائل فون فرانزک کے لیے اسلام آباد بھیج دیا گیا ہے۔ تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی جانب سے ویڈیوز جمع کرنے اور انہیں فروخت کرنے کا شبہہ ہے۔ گرفتار ملزم کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔