ایکس سروس میں تعطل پر پی ٹی اے کی وضاحت سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس میں تعطل پر پی ٹی اے کا اعلامیہ سامنے آگیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) کو عالمی سطح پر سروس میں تعطل کا سامنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) اس وقت دنیا کے متعدد ممالک بشمول پاکستان میں بڑے پیمانے پر سروس تعطل کا شکار ہے۔
پاکستان میں یہ تعطل عالمی مسئلے کے بعد پیش آیا ہے جس کا سامنا پلیٹ فارم کو جمعرات، 22 مئی کو بھی کرنا پڑا تھا، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور بعد ازاں پلیٹ فارم نے خود بحال ہوگیا تھا۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ہماری تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کے انٹرنیٹ گیٹ ویز کو کسی تکنیکی مسئلے کا سامنا نہیں ہے اور ملک بھر میں دیگر تمام انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے “نیٹ بلاکس” نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ‘ایکس’ کو درپیش یہ تعطل بین الاقوامی نوعیت کا ہے اور اس کا کسی ملک کی سطح پر انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ یا فلٹرنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے اس صورتحال کی مسلسل نگرانی کئے ہوئے ہے اور عوام کو کسی بھی اہم پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔