کراچی؛ ذاتی جھگڑے پر ملزم نے نوجوان پر گولیاں برسا دیں، ویڈیو سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
کراچی:
بہادرآباد دھوراجی میں فائرنگ سے نوجوان کے زخمی ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، ملزم کو اپنے قریبی رشتے دار پر گولیاں برساتے دیکھا گیا۔
واقعہ بروز جمعہ 23 مئی کے روز پیش آیا جہاں ایک شخص نے ذاتی جھگڑے کے دوران عاصم نامی نوجوان پر گولیاں برساں دیں، جس میں ایک گولی اس کے پاؤں پر لگی۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم قریب سے چار سے پانچ گولیاں چلاتا ہے جبکہ ایک گولی عاصم نامی شہری کی ٹانگ پر لگتی ہے جس کے باعث وہ زخمی ہو جاتا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اور حملہ آور آپس میں رشتے دار ہیں اور ان کے درمیان ماضی میں بھی تنازع رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد گرفتاری متوقع ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نرس نے نومولود بچی کے ہاتھ کا انگوٹھا کاٹ دیا، والد نے پولیس میں درخواست دے دی
راولپنڈی:ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کی گائنی وارڈ کی نرسری میں زیرِ علاج 23 روزہ نومولود بچی کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا پراسرار طور پر کٹ جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جبکہ متاثرہ بچی کے والد نے واقعے پر پولیس کو درخواست دے دی ہے۔
متاثرہ بچی کے والد قیصر محمود نے بتایا کہ وہ ضلع اٹک کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے کارپینٹر ہیں۔ ان کے مطابق ان کی بیٹی کی پیدائش ہولی فیملی ہسپتال میں ہوئی تھی اور پیدائش کے بعد سے بچی کو نرسری میں رکھا گیا ہے۔
والد کا کہنا ہے کہ جب وہ آج اپنی 23 روزہ بیٹی سے ملنے ہسپتال پہنچے تو دیکھا کہ اس کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا کٹا ہوا تھا۔ انہوں نے فوری طور پر ڈاکٹروں سے اس بارے میں استفسار کیا۔
قیصر محمود کے مطابق ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ انگوٹھا نرس سے غلطی سے کٹ گیا۔ تاہم ان کے بقول ہسپتال انتظامیہ نے صرف انکوائری کی یقین دہانی کرائی نہ واقعے کی وجہ واضح کی گئی اور نہ ہی اب تک کسی ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی گئی۔
متاثرہ والد نے انصاف کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد ابتدائی چھان بین مکمل کر لی گئی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس سنگین واقعے پر ہولی فیملی ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔