انوکھی واردات:شادی میں ڈانسر گروپ نے دلہا اغوا کر لیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں شادی کی تقریب اُس وقت ہنگامہ خیز صورتحال کا شکار ہوگئی جب پرفارمنس کے دوران پیش آئے تنازع کے بعد ڈانسر گروپ نے دولہے کو اغوا کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ دیگھوا ڈوبولی گاؤں میں جمعے کی رات پیش آیا جہاں شادی کی روایتی تقریب میں ڈانس پرفارمنس جاری تھی۔ شادی کی رسومات مکمل ہونے کے بعد دولہا سونو کمار شرما مہمانوں سے ملنے اور دیگر سرگرمیوں میں مشغول تھا۔
اس دوران مہمانوں نے ڈانسرز سے پرفارمنس جاری رکھنے کا مطالبہ کیا جبکہ ڈانس گروپ اپنی طے شدہ مدت پوری ہونے پر واپسی کے لیے تیار تھا۔ اختلاف شدت اختیار کر گیا اور بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جا پہنچی، جس میں مسکان نامی رقاصہ زخمی ہوگئیں اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
چند گھنٹوں بعد مسکان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واپس تقریب میں آئی اور جھگڑے میں ملوث مہمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد انہوں نے دولہے کو زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور اپنے ساتھ لے گئیں۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 9 گھنٹے بعد ضلع سیوان سے دولہے کو بازیاب کرا لیا۔
گوپال گنج کے ایس پی اودھیش ڈکشٹ کے مطابق دولہے کی بحفاظت بازیابی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ ڈانسر گروپ کی تلاش جاری ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے جہاں صارفین حیرت اور طنز کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:پنجاب کے عوام کیلئے بڑی خبر، برتھ ، ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
کراچی: ڈاکو کو شہری سے لوٹ مار کی واردات مہنگی پڑ گئی
کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ڈاکو کو شہری سے لوٹ مار کی واردات مہنگی پڑ گئی۔ بہادر شہری نے اپنے پستول سے فائرنگ کر کے مبینہ ڈاکو مار گرایا جبکہ دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او عوامی کالونی گل حسن کلہوڑو نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار تین ڈاکو شہری سفیر اللہ سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران شہری نے اپنے پاس موجود پستول سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ہلاک ڈاکو کی شناخت 27 سالہ سرفراز کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منقتل کر دی ہے جسے بعدازاں تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دیا گیا ، پولیس شہری کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر رہی ہے ۔