ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کا حال ۔۔۔َ! محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں آندھی، تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا، شمالی اور جنوب مشرقی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آندھی کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، مری، پشاور، دیر، سوات، کوئٹہ، ژوب اور بارکھان میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں جزوی طور پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات علاقوں میں ژالہ باری کا امکان
پڑھیں:
وزارت خزانہ کے اہم معاشی اہداف، معاشی شرح نمو بڑھ کر 5.7 فیصد تک جانے کا امکان
اسلام آباد:وفاقی وزارت خزانہ نے اپنے معاشی اہداف مقرر کردیے ہیں اور بتایا گیا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ اور معاشی شرح نمو 4.2 فیصد سے بڑھ کر 5.7 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ نے تین سالہ میکرو اکنامک اور فسکل فریم ورک جاری کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ تین برسوں کے لیے اہم معاشی اہداف مقرر کردیے گئے ہیں۔
وزارت خزانے کے اہداف کے مطابق تین سال میں پاکستان کی برآمدات میں 10 ارب ڈالر سے زائد اضافے کا امکان ہے اور برآمدات 44 ارب 83 کروڑ سے بڑھ کر 55 ارب ڈالر تک جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
برآمدات کے حوالے سے بتایا گیا کہ اشیائے برآمدات 42 ارب 69 کروڑ ڈالر تک جا سکتی ہیں، خدمات کی برآمدات 12 ارب 24 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال اشیا کی برآمدات 35 ارب 28 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے، سروسز سیکٹر کی برآمدات کا تخمینہ 8 ارب 38 کروڑ ڈالر ہے۔
وفاقی حکومت کے اہم معاشی اہداف میں نشان دہی کی گئی ہے کہ درآمدات میں 14.5 ارب ڈالر اضافے سے 79 ارب 71 لاکھ ڈالر تک جانے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا کہ آئندہ تین سال میں ترسیلات زر 44 ارب 82 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، رواں سال ترسیلات زر 39 ارب 43 کروڑ ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ نے بتایا کہ تین سال میں ملکی معیشت کا حجم ایک لاکھ 62 ہزار 513 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے، رواں سال ملکی معیشت کا حجم ایک لاکھ 29 ہزار 567 ارب روپے رہنے اور معاشی شرح نمو 4.2 فیصد سے بڑھ کر 5.7 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔