بہاولنگر: پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں شہید
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
پنجاب پولیس کے ایک اور فرض شناس افسر نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔
تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں سی سی ڈی میں تعینات سب انسپکٹر شاہد پرویز موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او بہاولنگر کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے سب انسپکٹر کی قربانی ناقابل فراموش ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سب انسپکٹر شاہد پرویز نے جان کا نذرانہ دے کر پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کیا۔ پنجاب پولیس ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈی پی او بہاولنگر کے مطابق فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مقامات پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پنجاب پولیس
پڑھیں:
سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پشاور کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا، اہلکار شہید
پشاور میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن کے اسلحہ خانے میں موجود پرانے بارودی مواد کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جو دیگر گولہ بارود تک بھی پھیل گئی، جس سے مزید دھماکے ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بی ڈی یو، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تمام ملزمان کو حوالات سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق ابتدائی تجزیے میں یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں لگتا بلکہ پرانے دھماکا خیز مواد کے اچانک پھٹنے سے پیش آیا اور ہوسکتا کہ کسی شارٹ سرکٹ کے باعث باردوی مواد پھٹا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے باعث ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔