کراچی، فور کے چورنگی پر فائرنگ، خاتون سمیت دو افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, May 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے نیو کراچی فور کے چورنگی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت 35 سالہ سمیرا اور 18 سالہ عمران کے نام سے ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک مقامی ریسٹورنٹ پر پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ ریسٹورنٹ کو ماضی میں بھتے کی پرچیاں بھیجی جا چکی ہیں، اور اس حوالے سے بھتہ خوری کے مقدمات اجمیر نگری تھانے میں درج ہیں۔
ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ بھتہ خوری کی اسی کڑی کا تسلسل معلوم ہوتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ٹرالر کی ٹکر سے بائیک سوار طالب علم بحق، دوسرا زخمی
کراچی:ماڑی پور میں ٹریفک حادثہ میں ایک طالب علم جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ ماڑی پور ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرالر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بائیک سوار کی شناخت 18 سالہ عصمت ولد اعجاز اور زخمی کی شناخت 18 سالہ نوید ولد ستورو کے ناموں سے ہوئی۔
چھیپا ترجمان چوہدری شاہد حسین کے مطابق دونوں نوجوان غلامان عباس اسکول کے طالب علم اور ہاکس بے کے رہائشی ہیں۔ دونوں اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے گیٹ پر حادثہ ہوگیا۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوانوں کو ٹرالر نے ٹکر ماری ہے یا اس کی زد میں آئے ہیں تحقیقات کررہے ہیں۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔