9 مئی احتجاج ، تھانے پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی احتجاج ، تھانے پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے اور ورکرز کے پرتشدد احتجاج کو دہشت گردی قرار دے دیا، تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ 11ملزمان کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر 27 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلہ سناتے ہوئے 11 ملزمان کو سزا سنائی، جن میں ایم این اے عبدالطیف اور سابق ایم پی اے وزیرزادہ کیلاشی بھی شامل ہیں۔عدالتی فیصلے کے مطابق، مختلف دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 27 سال تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تاہم تمام سزائیں اکٹھی چلنے کی بنیاد پر مجموعی طور پر ملزمان کو 10 سال قید ہوگی۔ دہشت گردی ایکٹ کے تحت بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے مطابق ملزمان بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے تھے، ملزمان نے تھانے پر حملہ، پولیس پر فائرنگ کی اور موٹر سائیکلیں جلائیں، ملزمان حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر کے اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔عدالت نے کہا کہ احتجاج حق ہے لیکن قانون سیاسی سرگرمی کی آڑ میں حملے کی اجازت نہیں دیتا، پولیس پر حملہ کرکے پرتشدد کارروائی کرنا دہشت پھیلانا ظاہر کرتا ہے، سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں پولیس اسٹیشن پر حملہ دہشت گردی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا کہ پراسیکیو شن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہی، عدالت نے کہا کہ ملزمان نے اکٹھے جرم کیا اس لیے تمام ذمہ دار ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ملک احمد بھچر کا انسداد دہشت گردی عدالت کی سزا کو چیلنج کرنے کا اعلان
اپوزیشن لیڈر ملک احمدخان بھچر(فائل فوٹو)۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمدخان بھچر نے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت سے سنائی گئی سزا کے فیصلے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر کو 9 مئی کے کیس میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمدخان بچھر نے کہا کہ عدالت نے سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے کا آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا، میرے خلاف قانونی ضابطے پورے کیے بغیر سزا کا فیصلہ سنایا گیا۔
سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم این اے احمد چھٹہ سمیت تمام کارکنوں کو بھی دس دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد حکومت نے عدالتوں کو اپنے تابع کرلیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 9 مئی کے سیاسی مقدمات میں ہمیں اس طرح کے فیصلوں کی امید ہے، تحریری فیصلہ موصول ہونے کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کروں گا۔