کراچی کے شدید گرمی میں جھلستے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوش خبری سنادی
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے شدید گرمی میں پریشان باسیوں کے لیے محکمہ موسمیات نے اچھی خبر سنادی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کراچی کے افق پر سمندری بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر کے بعض علاقوں میں آج رات اور کل صبح ہلکی بوندا باندی کی توقع کی جا رہی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں جن کی رفتار 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر کا موسم آج جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مرطوب ہواؤں کے ساتھ سمندر سے آنے والے بادل فضا کو نم کر رہے ہیں۔ یہی بادل آئندہ گھنٹوں میں شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش برسانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم ہواؤں میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔اس موسمی صورتحال کے باعث شہریوں کو شدید حبس کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹیسلا نے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟
اسلام آباد: معروف امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ڈیزائن اور ہلکے وزن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیسلا بچوں کی بیلنس بائیک مضبوط مگر ہلکے میگنیشیم فریم پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں بچوں کی سہولت کے لیے ایڈجسٹ ہونے والی نشست بھی دی گئی ہے۔ بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا نام اور سامنے نمایاں T لوگو بھی موجود ہے۔
یہ بائیک روایتی سائیکل سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اپنے پیروں کی مدد سے اسے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے اور سائیکل چلانے کی بنیادی مہارت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے اس منفرد بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جو عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ مارکیٹ میں ایسی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہوتی ہیں۔
قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باوجود یہ بائیک فروخت کے آغاز کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی، جس سے صارفین کی غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ٹیسلا کے مطابق نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈر دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے استعمال کے لیے بچے کی ٹانگ کی کم از کم لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) ہونی چاہیے، جبکہ تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن 30 کلوگرام اور قابل برداشت زیادہ سے زیادہ وزن 35 کلوگرام رکھا گیا ہے۔
ٹیسلا نے یہ بھی بتایا کہ بائیک کی اسمبلنگ کے لیے درکار تمام ضروری اوزار پیکج میں شامل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مکمل ہدایات پر مشتمل استعمال کا کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بچوں کی مصنوعات کی مارکیٹ میں ٹیسلا کی یہ نئی پیشکش کمپنی کی برانڈ توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاڑیوں کے علاوہ دیگر صارفین کی مصنوعات میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنا رہی ہے۔