کراچی: جیولری شاپ میں ڈکیتی، زخمی دکاندار دم توڑ گیا
اشاعت کی تاریخ: 22nd, July 2025 GMT
علامتی فوٹو
کورنگی نمبر 2 میں جیولری شاپ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا دکاندار عبدالمتین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کو تین گولیاں لگیں، جس کے باعث خون زیادہ بہہ گیا اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
زخمی عبدالمتین کو پہلے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، بعدازاں حالت تشویشناک ہونے پر نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے خلاف دکانداروں نے شدید احتجاج کیا اور کورنگی نمبر 2 کی مرکزی شاہراہ بند کردی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔