پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے، ٹرمپ کے نئے بیان پر بھارت سیخ پا
اشاعت کی تاریخ: 6th, June 2025 GMT
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اپنے کردار کا دعویٰ دہرا دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ "مجھے فخر ہے کہ میں نے دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جنگ رکوا دی۔ میں نے دونوں ممالک سے کہا کہ اگر آپ گولیاں چلائیں گے تو تجارت بند ہو جائے گی"۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ "پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے"، جس سے ان کے پاکستان کی حکومت پر اعتماد کا اظہار سامنے آیا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس دعوے کو درجنوں بار دہرا چکے ہیں، کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔
تاہم، بھارت کی مودی حکومت ہر بار اس دعوے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتی ہے، اور بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس اسے مودی سرکار پر طنز کا موقع بنا لیتی ہے۔
بھارت کی جانب سے ٹرمپ کے کردار کی مسلسل تردید کی جاتی رہی ہے۔ پچھلے ماہ بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ "یہ جنگ بندی مکمل طور پر دو طرفہ تھی، ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا۔"
انہوں نے کہا کہ "ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، بلکہ وہ خود ہی اسٹیج پر آ گئے۔"
یاد رہے کہ 10 مئی کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بیجنگ میں فیلڈ مارشل کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
بیجنگ:فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں وکمپنیوں کی سیکیورٹی کیلیے پاک فورسز پرعزم ہیں، علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ ویژن کے حصول کیلیے چین کیساتھ انسداد دہشت گردی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہے۔
بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کیساتھ ملاقات میں انھوں نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کیلیے چین کے دیرینہ کردار اور تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کے حمایت کا اعادہ کیا، پاکستان میں چینی منصوبوں، عملے اور اداروں کی سکیورٹی و سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قومی خود مختاری کی محافظ اور پاک چین دوستی کا ایک مضبوط ستون ہے،دونوں ہمسایہ ملکوں کو مضبوط سٹریٹجک پارٹنرز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ چین کیلئے ایک سفارتی ترجیح رہا ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے میں سکیورٹی فورسز کے کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، دونوں ملکوں کی قیادت کے مابین سٹریٹجک اتفاق رائے پر عملدرآمد، باہمی تعاون مزید گہرا کرنے اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پردونوں نے بدلتی علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال اور باہمی مفاد پر مبنی امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔