عیدالاضحیٰ آج منائی جائیگی، صدر، وزیراعظم کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
لاہور‘ اسلام آباد‘ مظفر آباد‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔ صدر اور وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر عالم اسلام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ایمان‘ قربانی‘ ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرنو زندہ کرنے کا دن ہے۔ عیدالاضحیٰٖ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال اطاعت‘ قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے۔ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امت مسلمہ کے لئے خیر‘ برکت‘ اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ میں عید الاضحی اور عظیم الشان اسلامی عبادت حج کے بابرکت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ با برکت ایام ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتے ہیں۔ ان عظیم ہستیوں کی اطاعت و قربانی کو رب ذوالجلال نے اس قدر پسند فرمایا کہ اسے تا قیامت امت محمدی ؐ کے لیے عبادت کا درجہ عطا فرما دیا۔ دعا ہے اﷲ یہ دن ملکی خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔ علاوہ ازیں مظفرآباد میں سب سے بڑا عید کا اجتماع مرکزی عیدہ گاہ اپر اڈہ میں ہوگا۔ جبکہ دیگر بڑے اجتماعات میں جامع مسجد مکہ شاہناڑہ، یونیورسٹی گرائونڈ، ہائی کورٹ گرائونڈ، مرکزی امام بارگاہ، جامع مسجد امام احمد بن حنبل، جامع ابو ہریرہ رنجاٹہ، جامع مسجد خضرہ، جامع مسجد دومیل سیداں، جامع مسجد خاتم النبیین چھتر دومیل، جامع مسجد تعلیم القرآن اپرگوجرہ، جامع مسجد نیوسٹی کیمپس جامع کشمیر، جامع مسجد اسلامیہ برکاتیہ، جامع مسجد محمدیہ اپر چھتر سمیت دیگر مقامات پر نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ خیبر پی کے میں کئی مقامات پر قبائلیوں اور افغان مہاجرین نے جمعہ کے روز عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی۔ پشاور سمیت خیبر پی کے کے کئی مقامات پر قبائلیوں اور افغان مہاجرین نے جمعہ کو عید الاضحی منائی جہاں انہوں نے نماز عید ادا کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ، ناصر باغ میں نماز عید الاضحیٰ ادا کی گئی۔ دوسری جانب مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت عیدگاہوں، عوامی مقامات اور قربانی کے لیے مختص کردہ مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی ممالک میں عیدالاضحی جمعہ کے روز مذہبی جوش وخروش سے منائی گئی۔ ابوظہبی، شارجہ اور دیگر اماراتی ریاستوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ دریں اثناء کراچی میں بھی بوہرہ برادری نے گزشتہ روز عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔ کراچی میں طاہری مسجد میں بوہرہ برادری کا نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔ نماز کے دیگر اجتماعات صدر، پاکستان چوک، حیدری، بلوچ کالونی سمیت مختلف علاقوں میں ہوئے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عید الاضحی مقامات پر
پڑھیں:
توشہ خانہ ریکارڈ، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(رضوان عباسی ): توشہ خانہ ریکارڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے ملنے والے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں موصول ہونے والے تمام سرکاری تحائف توشہ خانہ قواعد کے تحت کابینہ ڈویژن میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود کی جانب سے متعدد یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ان میں شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قیمتی قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، آرائشی واز، ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر سووینئرز شامل ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی مختلف ممالک کی جانب سے متعدد سرکاری تحائف دیے گئے، جن میں مصری طرز کا مجسمہ، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی مالیت کا تعین بھی جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ میں شامل تمام تحائف متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق وصول کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ رولز کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحائف کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ متعلقہ حکام ان تحائف کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا انہیں سرکاری تحویل میں برقرار رکھا جائے گا۔