پی ٹی آئی کی تحریک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی، وفاق سے ڈائیلاگ کرے: شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کوئی تحریک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی، وفاق سے ڈائیلاگ کرے۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنا رویہ تبدیل اور گالم گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی اپنی ہی ریاست کے خلاف بیانیے کو تبدیل کریں، پوری دنیا میں جھگڑے اور بندوق کے زور پر کوئی چیز پاس نہیں کرا سکتا، انتشار کے بل پر کوئی چیز نہیں منوائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو دنیا میں بھارت کوایکسپوز کر رہےہیں، ان کی بات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، جنگ کے بعد اب نیا پاکستان ہے، دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کوشکست دی، ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، افواج پاکستان نے بھارت کےغرور کو چکنا چور کر دیا، بھارت کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب خواب ہی رہ گیا۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملک کا دفاع پہلے ہے باقی سب بعد میں ہے، دفاعی بجٹ کو اگر بڑھانے کی ضرورت ہے تو ضرور بڑھائیں، انشاء اللہ اسی سال حیدرآباد کو ای وی بسیں مل جائیں گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
افغان طالبان نے جو لکھ کر دیا ہے ، اگر اس کی خلاف ورزی ہوئی تو ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں بچے گا: طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ افغانستان کے ساتھ لکھ کر طے ہوا ہے کہ ایک میکینزم بنایا جائے گا ، یہ جنگ بندی میں عارضی توسیع ہے ، مزید بات چیت 6 نومبر کو ہوگی۔ایک انٹرویو میں سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ یہ پاکستان کی دہری جیت ہے ، ہمارا موقف دنیا کے علاوہ ہمسائے نے بھی مانا اور افغانستان کے ساتھ ثالثوں کی موجودگی میں بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی یا ڈمی کے طور پر کام آتا رہا ہے، پاکستان کے پاس بے شمار شواہد بھی ہیں اور افغان طالبان خود بھی مانتے ہیں کہ پاکستان میں دراندازی کرنے والے گروپ وہاں رہتے ہیں۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ افغان طالبان نے جو لکھ کر دیا ہے ، اگر اس کی خلاف ورزی ہوئی تو ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں بچے گا۔ جواب میں پاکستان کو کارروائی کرنا پڑی تو زیادہ مضبوطی سے کھڑے ہوں گے۔