خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک، آندھی کے ساتھ بارش کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
پشاور:
پی ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارش باعث کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے پیشی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے پہلے ہی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے اورکسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
پی ڈی ایم اے نے حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔
انتظامیہ کو بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاح موسمی صورت حال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
خیال رہے کہ پشاور میں عید کے دن سے مسلسل 5 روز تک شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے جہاں درجہ حرارت 46 اور بعض اضلاع میں 49 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا تاہم اب گرمی کی شدت میں کمی کے امکانات ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے انتظامیہ کو کا امکان کے لیے
پڑھیں:
پشاور: الخدمت کی جانب سے 8 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پنجاب روانہ
پشاور:الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا وسطی و جنوبی کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان اور رضاکاروں کی تیسری ٹیم پشاور سے پنجاب کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ملتان روانہ کردی گئی۔
اس سامان میں خشک راشن پر مشتمل فوڈ و ونٹر پیکجز، کچن سیٹ، کمبل، بچوں کے ملبوسات، جوتے، روزمرہ استعمال کے برتن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔ پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے ٹرک اور رضاکاروں کی ٹیم روانہ کرنے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع، الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص، جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد اور ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب نے امدادی سامان اور رضاکاروں کو پنجاب کے شہر ملتان کے لیے روانہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر ہر مشکل وقت میں پنجاب کے عوام نے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔ آج جب ہمارے صوبے کے شمالی اور بالائی اضلاع میں سیلاب اور کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں تو اس موقع پر بھی اہلیانِ پنجاب نے بڑھ چڑھ کر خیبرپختونخوا کے متاثرینِ سیلاب کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ پورے ملک، بالخصوص پنجاب میں جاری ہے اور اس وقت پنجاب کا 70 فیصد رقبہ سیلابی پانی کے زیر اثر ہے، اس مشکل وقت میں الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکار اور کارکنان اہلیانِ پنجاب کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
الخدمت خیبرپختونخوا وسطی نے ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ ویلج کا انتظام کر رکھا ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے الخدمت کے پی کے رضاکار پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا اور صوبے سے رضاکاروں کی تیسری کھیپ اور آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ آج ملتان روانہ کردیا گیا ہے۔