کوئٹہ، عید غدیر کے موقع پر مختلف مقامات پر جشن، دسترخوان غدیری کا اہتمام
اشاعت کی تاریخ: 15th, June 2025 GMT
شہر کے مختلف مقامات پر عید غدیر کے موقع پر دسترخوان غدیری، محافل جشن اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ عوام الناس نے ولایت مولا علی علیہ السلام کے اعلان کے دن کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا۔ اسلام ٹائمز۔ عید غدیر کے موقع پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف مقامات پر دسترخوان غدیری، محافل جشن اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ عوام الناس نے ولایت مولا علی علیہ السلام کے اعلان کے دن کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا۔ تفصیلات کے مطابق 18 ذی الحجہ کو عید غدیر کی مناسبت سے کوئٹہ کے مختلف مساجد و امامبارگاہوں میں محافل جشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر منقبت خوانوں اور شعراء کرام نے نذرانہ عقیدت پیش کیں اور اعلان ولایت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی خوشی میں کیک بھی کاٹے گئے۔ اسی طرح مختلف مدارس کی جانب سے خواتین کے لئے بھی محافل جشن برگزار ہوئے۔ اس کے علاوہ عصر اور مغرب کے بعد مختلف مقامات پر دسترخوان غدیری کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ میں الغدیر کمیٹی کی جانب سے دسترخوان غدیری کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں سابق گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی، علاقہ کے معتبرین، علمائے کرام اور دیگر شخصیات نے شرکت کیں۔
علمدار روڈ پر واقعہ مسجد خاتم الانبیاء سولہ ایکڑ کے سامنے سادات حیدری ششپر کی جانب سے دسترخوان غدیری کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایران کے قونصل جنرل علی رضا رجائی، جید عالم دین علامہ محمد کاظم بہجتی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ مری آباد کے علاقے میں واقعہ امام بارگاہ مومن آباد میں بھی اہل علاقہ کی جانب سے دسترخوان غدیری کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح کوئٹہ کے علاقہ ہزارہ ٹاؤن میں بھی احییٰ غدیر کمیٹی کی جانب سے مغرب کے بعد دسترخوان غدیری کا اہتمام کیا گیا۔ جبکہ ہزارہ ٹاؤن میں واقعہ مدرسہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی جانب سے غدیری فیسٹیول کا بھی انعقاد ہوا۔ ہزارہ ٹاؤن میں فعال فلاحی ادارہ سید الشہداء اسکاؤٹس اینڈ ویلفئیر سوسائٹی کے رضاکاروں نے عید غدیر کی مناسبت پر 1200 خاندانوں تک طعام پہنچایا۔ اس کے ساتھ ساتھ علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ سبیلیں بھی لگائی گئیں اور گھروں میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عید غدیر کی مناسبت پر بعض افراد ایک دوسرے کو عیدی بھی ہدیہ کرتے ہیں۔ کوئٹہ میں عید غدیر کے موقع پر اس سال بھی یہ روایت برقرار رہی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: عید غدیر کے موقع پر مختلف مقامات پر علیہ السلام ہزارہ ٹاؤن کی جانب سے محافل جشن
پڑھیں:
تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ جو غربت اور تنگدستی کیوجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے، انکی تعلیم کیلیے کوشش کرنا ہماری دینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہمیں معاشرے کے مظلوم، محروم اور پسے ہوئے طبقات کی مدد کرنی چاہیے۔ وہ بچے جو غربت اور تنگدستی کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے اور زیور تعلیم سے محروم ہیں، ان کی تعلیم کے لیے کوشش کرنا ہماری دینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد کے نواحی علاقوں مہدی آباد عنایت ٹالانی، اعجاز ٹالانی اور عبداللہ لاشاری کے دورہ کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی شاہ مراد ڈومکی، میر مظفر ٹالانی، منصب علی ڈومکی، استاد عبدالفتاح ڈومکی، نظیر احمد اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت غربت، افلاس اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ صاحب استطاعت افراد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقے کی بھرپور سرپرستی کریں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، جبکہ بے روزگار نوجوان معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں۔ لہٰذا نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ہنر سکھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کر سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 9 نومبر کو یوم اقبال کے موقع پر "فروغ تعلیم اور خدمتِ انسانیت" کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں قومی اتحاد فروغ علم اور خدمت انسانیت کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔ آخر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے افکار آج بھی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہمیں اقبالؒ کے پیغام خودی، آزادی اور ایمان سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ ہم ایک بامقصد، بااخلاق اور خوددار قوم بن سکیں۔