پشاور یونیورسٹی کے رہائشی کوارٹر سے دو خواتین کی نعشیں برآمد
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
پشاور:
پشاور یونیورسٹی کے ایک رہائشی کوارٹر سے دو خواتین کی پرانی نعشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر قتل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں خواتین کا تعلق مسیحی برادری سے ہے، ابتدائی شناخت کے مطابق ایک خاتون کی شناخت مسماة ش، زوجہ وسیم گل جبکہ دوسری کی شناخت مسماة ک، دختر یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔ نعشیں کئی روز پرانی لگتی ہیں، جن پر ظاہری طور پر تشدد کے آثار پائے گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ کیمپس فہیم شاہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا اور دیگر اہم شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ قتل کس نے اور کیوں کیا۔
مزید پیش رفت کے لیے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: کھارادر میں ہیوی مشینوں سے تاریخی عمارت توڑنے کی کوشش پر علاقہ مکینوں کی مزاحمت
—فائل فوٹوکراچی کے علاقے کھارادر کوئلہ گودام کے قریب محکمۂ ہیری ٹیج کی عمارت توڑنے کی کوشش پر علاقہ مکینوں نے مزاحمت کر دی۔
ہیوی مشینوں سے عمارت توڑنےکی کوشش کے دوران علاقہ مکینوں نے مزاحمت کرتے ہوئے کہا کہ ہیوی مشین کے استعمال کے باعث برابر کی عمارت میں ارتعاش پیدا ہوا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عمارت کی تیسری منزل کو گرا کر بنیادوں کی مرمت کرنے کا کہا گیا،
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا نے چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمارت توڑنے کی کوشش کی، توڑ پھوڑ کی وجہ سے برابر والی عمارت میں ارتعاش پیدا ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پہنچ کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، مشین بھی قبضے میں لے لی ہے، جبکہ کچھ افراد فرار بھی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس کی نفری نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمارت توڑنے کی کوشش کی، ملزمان کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر لیاری بھی پولیس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔