لاہور سمیت پنجاب میں شدید گرمی اور حبس، بارش کب ہوگی؟
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
لاہور:
لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک، گرم اور حبس کے موسم نے لوگوں کے پسینے نکال دیے، درجہ حرارت میں کمی کے باوجود حبس نے گرمی کی شدت بڑھا دی۔
تفصیلات کے مطابق گرمی اور حبس میں کمی لانے کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، پی ڈی ایم اے نے آج سے 23 جون تک پنجاب بھر میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 31 اور زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، آج لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ بارش کا امکان کم ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے پنجاب میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا اور 23 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں۔ 21 سے 23 جون جنوبی پنجاب ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔ محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لہے محفوظ مقامات پر رہیں۔
عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان پی ڈی ایم اے صورتحال میں کے مطابق
پڑھیں:
شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند
پشاور:موٹر وے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئ تک بند کر دی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ون بند کردی گئی ہے، موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، اس کے علاوہ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔