ایشیائی ترقیاتی بینک اور پنجاب حکومت میں جدید ترقیاتی منصوبوں پر مالیاتی تعاون پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں زراعت میں جدید مشینری کے استعمال، عوام کے لیے جدید ٹرانسپورٹ نظام کے آغاز اور ماحولیاتی تحفظ کی آبزرویٹری کے قیام کے لیے مالیاتی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے ’’نیو کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی‘‘پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے پاکستان کے اسٹریٹجک گروتھ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور ترقی کے شفاف عمل کے فروغ، برآمدات اور سرمایہ کاری کے اضافے، جدید تجارتی نظام کے قیام اور عوامی سرمائے کے درست اور شفاف استعمال پر بھی غور کیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے ایک تاریخی، عوام دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صحت، تعلیم، ہنر سکھانے اور عوامی زندگی میں بہتری کے ریکارڈ منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ سرگودھا میں جدید امراضِ قلب کا ہسپتال اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے 911 نئی سکیمیں شروع کی جا رہی ہیں، جن میں 'کلینک آن ویلز', ماں اور بچے کی صحت کے خصوصی مراکز، اور نئی او پی ڈیز کے قیام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت، ماہی گیری، ڈیمز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلی بار عوام کی ضروریات کا درست تعین کرنے کے لیے 'سوشیو اکنامک رجسٹری' تیار کی جا رہی ہے تاکہ منصوبہ بندی کو حقیقی بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب میں تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں، ہر شعبے کو ماحول دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ الیکٹرک بسوں کے آغاز سے آلودگی کے ذرائع کم کیے جا رہے ہیں جبکہ ماحولیاتی آبزرویٹری کے قیام سے موسمیاتی تبدیلیوں پر موثر نگرانی ممکن ہو گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اور ان کے ترقیاتی ویژن کو سراہا اور پنجاب کے جدید، سرسبز اور خوشحال مستقبل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے نواز شریف کے قیام کے لیے کہا کہ
پڑھیں:
علماء کا سرویکل کینسر سے بچاؤ کی مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کا اعلان
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے کے علماء کرام نے سرویکل کینسر سے بچاؤ کی مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کر دیا۔ اس ضمن میں محکمہ صحت خیبر پی کے نے یونیسیف کے تعاون سے متحدہ علماء بورڈ خیبر پی کے اور تنظیمات المدارس خیبر پی کے کے اشتراک سے سرویکل کینسر سے بچاؤ کے موضوع پر ایک اہم مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء کرام نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد علماء کرام اور محکمہ صحت کے درمیان اعتماد، تعاون اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا تاکہ خواتین اور بچیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر آگاہی پیدا کی جا سکے۔ اجلاس کے دوران علماء کرام نے اس اقدام کو سراہا اور کئی اہم سفارشات پیش کیں۔ انہوں نے ویکسین کے اجزاء، حفاظت اور تیاری کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرنے، سوشل میڈیا، ٹی وی، ریڈیو، جمعہ کے خطبات، بل بورڈز، ہسپتالوں اور دیگر ذرائع سے بھرپور آگاہی مہم چلانے، علماء اور ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت سے مشترکہ فتویٰ جاری کرنے، کینسر کے ماہرین اور علماء کے درمیان مسلسل رابطہ رکھنے، تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلنے، بچیوں کی رازداری اور پردے کا مکمل خیال رکھنے اور محکمہ صحت کی قیادت میں آگاہی مہم کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔