کراچی میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مختلف مقابلے، 6 زخمی ڈاکوؤں سمیت 10 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلے ہوئے۔
جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 6 زخمی ڈاکوؤں سمیت 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پہلا واقعہ شارعِ نور جہاں تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت کاشف ساجد خان ولد یامین خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی اجمیر نگری پولیس نے سروس روڈ نزد فور جے بس اسٹاپ کے قریب کی، جہاں بین الصوبائی ڈکیت گروہ "ظالم چانڈیو گینگ" کے ساتھ مقابلہ ہوا۔
پولیس نے دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا، جن کی شناخت مور حسین عرف زخمی، انتھونی عرف کالو، فرحان عرف چٹہ اور علی شان کے ناموں سے ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے دو پستول، دو چھینی گئی موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ ڈیفنس خیابانِ بحریہ، شاہین سگنل کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت عباس کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سٹی کورٹ: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کو مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو ویسٹ نے ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کرتے ہوئے تین افراد، سریش عرف ساگر، انیل اور رام چند کے قتل کا مقدمہ اسلم پہنور اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسلم پہنور ایک ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیر حراست تین ملزمان اور ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں زیر حراست تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو بینک سے رقم لے کر جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو دوران حراست ہلاک ہو گئے۔