خطے کے استحکام کیلیے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کریں گے، امریکی سیکریٹری خارجہ کی وزیر اعظم سے گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن قیادت کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فون رابطہ کیا۔ اس دوران وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کی باہمت اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔
انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کے کلیدی کردار پر سیکرٹری روبیو کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم اور سیکرٹری خارجہ روبیو نے پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر تجارت بڑھانےکے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ان کوششوں کو سراہتے ہوئے سیکرٹری روبیو نے کہا کہ امریکا خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل سے ممکنہ ملاقات کا خوف؛ مودی ٹرمپ سے ملنے نہیں گئے( امریکی جریدہ)
17 جون کوبھارتی وزیر اعظم کو خدشہ تھا کہ امریکی صدر آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات نہ کرادیں،جریدے کا دعویٰ
ٹرمپ اورمودی کی45 منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو امریکا اور بھارت کے تعلقات کے درمیان ٹرننگ پوائنٹ بنی،بلومبرگ
امریکی جریدے بلومبرگ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کے ڈر سے امریکی صدر سے ملنے سے گریز کیا۔جریدے کے مطابق مودی نے 17 جون کو امریکی صدر کی کھانے کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا، مودی کو خدشہ تھا کہ امریکی صدر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات نہ کرادیں۔امریکی جریدے نے دعویٰ کیا کہ 17جون کو امریکی صدر اورمودی کی 45 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی، یہ گفتگو ہی امریکا اور بھارت کے تعلقات کے درمیان ٹرننگ پوائنٹ بنی۔اس تناؤ بھری گفتگو کے بعد ہی امریکا اور بھارت کے تعلقات میں تلخی آنا شروع ہوئی اور تناؤ کی جھلک اس وقت بھی سامنے آئی جب ٹرمپ نے بھارتی معیشت کومردہ کہا۔بعد ازاں امریکی صدر ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف بھی عائد کیا۔