بھارتی کرکٹر کیخلاف خاتون سے جنسی ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
بھارتی کرکٹر یش دیال کیخلاف خاتون سے جنسی ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی ٹیم کے ساتھ نیٹ بولر کی حیثیت سے وابستہ رہنے والے یش دیال پر غازی آباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے جنسی ہراسانی اور تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے اترپردیش کے وزیراعلیٰ کے آن لائن شکایتی پورٹل پر شکایت درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یش دیال نے شادی کا وعدہ کیا لیکن بعد میں انکار کر دیا۔ خاتون کے مطابق دونوں کے درمیان گزشتہ پانچ سال سے قریبی تعلقات تھے۔
صرف آن لائن شکایت پر اکتفا نہ کرتے ہوئے، خاتون نے مقامی پولیس اسٹیشن میں بھی یش دیال کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرایا ہے۔
مقدمے کے متن میں خاتون نے الزام لگایا ہے کہ یش دیال نے نہ صرف جذبات سے کھیلنے کے بعد پیچھے ہٹنے کی کوشش کی بلکہ انہیں جنسی طور پر ہراساں بھی کیا۔
اترپردیش حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو 21 جولائی تک مکمل انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یش دیال انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجر بنگلورو کی نمائندگی کرتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: کریڈٹ کارڈ کا جھانسہ دے کر خاتون سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج
کراچی (ویب ڈیسک )کراچی کے علاقے بہادر آباد کی شیرپاؤ کالونی میں ایک بینک ملازمہ کے ساتھ سنگین واقعہ پیش آیا، جس میں خاتون کو کریڈٹ کارڈ بنوانے کے بہانے بلا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے بہادر آباد تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون بینک میں گاڑیوں کی لیزنگ اور کریڈٹ کارڈز سے متعلق خدمات انجام دیتی ہیں۔ گزشتہ ماہ ایک شخص نے کریڈٹ کارڈ کے حصول کے لیے ان سے رابطہ کیا۔ 10 اگست کو اسے دھوراجی کے قریب ایک اسپتال پر آنے کا کہا گیا، لیکن موقع پر پہنچنے کے بعد ملزم اسے اسپتال کے بجائے قریبی گلی میں واقع ایک گھر لے گیا۔
خاتون کے بیان کے مطابق اس مکان میں پہلے سے ایک مرد اور ایک خاتون موجود تھے۔ اسے مشروب پیش کیا گیا، جس کے بعد وہ نیم بے ہوش ہو گئی۔ اسی دوران ایک شخص نے اسے باندھ دیا اور دوسرا مبینہ طور پر زیادتی کرتا رہا۔ اس دوران گھر میں موجود خاتون ویڈیو بناتی رہی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا، اور بعد میں ملزم نے دھمکی دی کہ اگر دوبارہ ملاقات کے لیے نہ آئیں تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جائے گی، یہاں تک کہ جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی۔
خاتون کے مطابق وہ موقع سے نکل کر سیدھی جناح اسپتال پہنچیں۔ پولیس نے بتایا کہ میڈیکل ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کے نمونے، کپڑے اور دیگر شواہد تحویل میں لے کر سربمہر کر دیے گئے ہیں۔
Post Views: 5