کوئٹہ، محرم الحرام کی سکیورٹی سے متعلق ایف سی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن اور محفوظ انعقاد کیلئے حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ کے ہیڈکوارٹرز میں محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم سکیورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس کی صدارت آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، شیعہ اور سنی علمائے کرام، تاجر برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لئے حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ شرکاء نے اس سلسلے میں ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام میں بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے تاکہ عوام اپنے مذہبی فرائض امن و امان کے ساتھ ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء کا اس سلسلے میں کردار انتہائی اہم ہے اور ان کی شراکت کے بغیر امن قائم رکھنا ممکن نہیں ہے۔ اس موقع پر عالم دین قاری عبید اللہ نے کہا کہ ایف سی کا کردار دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ محرم کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مکمل ہم آہنگی اور خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: محرم الحرام ایف سی
پڑھیں:
کوئٹہ اور تفتان میں چھاپے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث پانچ ملزمان گرفتار، چار شہری بازیاب
کوئٹہ:ایف آئی اے بلوچستان زون کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان اور کوئٹہ نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو منظم گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں میں 4 معصوم شہریوں کو بازیاب کروا لیا گیا، گرفتار ملزمان میں رسول باچا، امین اللہ، حشمت علی، طالب حسین اور احسان اللہ شامل ہیں، ملزمان کو تفتان اور لورالائی سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ میں ملوث منظم گینگ کا حصہ ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم رسول باچا، امین اللہ اور حشمت علی غیر قانونی راستوں سے شہریوں کو ایران و ترکی منتقل کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان ایران اور ترکی میں موجود پاکستانی سفارت خانے کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں، ملزمان نے متعدد شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوایا ملزمان شہریوں کو پاکستان سے ایران اسمگل کرتے تھے، جہاں سے وہ انہیں غیر قانونی طور پر ترکی بھجوانے کا بندوبست کرتے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، ملزم طالب حسین اور احسان اللہ شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے میں ملوث پائے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان کے گھر سے 4 معصوم شہریوں کو بھی بازیاب کروایا گیا، ملزمان ایران میں مقیم فہیم گجر نامی ایجنٹ کے کارندوں کے طور پر کام کر رہے تھے، ملزمان شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔