فورسز کی پختونخوا میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد سرغنہ سمیت 15 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 18th, November 2025 GMT
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارج کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 15 اور 16 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیاں کیں، آپریشن الخوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی اور شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، ایک کارروائی میں 10 اور دوسری کارروائی میں 5 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں آپریشن کے دوران ہلاک خوارج میں دہشت گردوں کا سرغنہ عالم محسود بھی شامل ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کی
مہم جاری رکھیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بنوں، لکی مروت میں پولیس، سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 5 خوارج ہلاک
خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے عوام کے ساتھ ملکر کامیاب آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تختی خیل/ہوید کے سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر ایک اہم اور فیصلہ کن آپریشن کیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کی قیادت میں ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الخوراج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
یہ آپریشن ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کی براہِ راست نگرانی میں اس وقت بھی جاری ہے۔
آر پی او سجاد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور یہ کارروائیاں اسی عزم کا عملی ثبوت ہیں۔
آپریشن کے دوران عوام کی بھرپور امداد اور تعاون پولیس کو حاصل رہا جب کہ علاقہ مکینوں نے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مشکوک سرگرمیوں سے متعلق مسلسل معلومات فراہم کیں، جس سے کارروائی کو کامیاب بنانے میں بڑی مدد ملی۔
اہلِ علاقہ نے کہا کہ وہ اپنی مٹی کے امن کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کے غیور جوانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑے ہیں۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں اور لکی مروت پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ خوارج کے خاتمے کے لیے ایسی کامیاب کارروائیاں علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنائیں گی۔
خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں ملنے دی جائے گی، اور یہ مشترکہ آپریشن امن کے استحکام کے لیے جاری رہے گا۔