بنوں، لکی مروت میں پولیس، سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 5 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 15th, November 2025 GMT
خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے عوام کے ساتھ ملکر کامیاب آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تختی خیل/ہوید کے سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر ایک اہم اور فیصلہ کن آپریشن کیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کی قیادت میں ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الخوراج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
یہ آپریشن ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کی براہِ راست نگرانی میں اس وقت بھی جاری ہے۔
آر پی او سجاد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور یہ کارروائیاں اسی عزم کا عملی ثبوت ہیں۔
آپریشن کے دوران عوام کی بھرپور امداد اور تعاون پولیس کو حاصل رہا جب کہ علاقہ مکینوں نے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مشکوک سرگرمیوں سے متعلق مسلسل معلومات فراہم کیں، جس سے کارروائی کو کامیاب بنانے میں بڑی مدد ملی۔
اہلِ علاقہ نے کہا کہ وہ اپنی مٹی کے امن کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کے غیور جوانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑے ہیں۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں اور لکی مروت پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ خوارج کے خاتمے کے لیے ایسی کامیاب کارروائیاں علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنائیں گی۔
خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں ملنے دی جائے گی، اور یہ مشترکہ آپریشن امن کے استحکام کے لیے جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
خیبرپختونخوا میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ
فائل فوٹووزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی صدارت میں منشیات کے تدارک سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے منشیات کے سپلائرز اور مینوفیکچررز کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت جامعات تک پہنچ چکی ہے، مزید غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے، نوجوان نسل کو منشیات بالخصوص ہیروئن اور آئس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منشیات کی تیاری اور ترسیل کے خلاف مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور محکموں و اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ بڑے سپلائرز اور ڈیلرز کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور کارروائیاں نتیجہ خیز اور حقائق پر مبنی ہونی چاہئیں۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو تاکید کی کہ خواہ مخواہ کسی کو تنگ نہ کیا جائے، صرف حقیقی بنیادوں پر کارروائی کی جائے، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ضبط شدہ منشیات کو تلف کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ دوبارہ مارکیٹ میں نہ آسکیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایکسائز فورس کو مستحکم بنانے کے لیے 55 کروڑ روپے کے مجوزہ پلان کی منظوری بھی دی گئی، جس میں آپریشنل استحکام، آئی ٹی آلات کی خریداری اور تربیتی پروگرامز شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ساتھ ہی غیرمجاز اور ریٹائرڈ افسران سے سرکاری گاڑیوں کی واپسی کے لیے پالیسی پر عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ پالیسی نفاذ میں تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔