فلسطینیوں سے امن چاہنے والا اسرائیلی وزیراعظم جسے قتل کردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
فلسطین پر قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی تاریخ کا ایک ایسا باب جسے آج بھی افسوس اور حیرت سے پڑھا جاتا ہے، وہ 1995 میں پیش آنے والا واقعہ ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم کو صرف اس جرم میں قتل کر دیا گیا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ امن کا خواہاں تھا۔
یہ شخص تھا اسحاق رابین، جو نہ صرف ایک طاقتور سیاسی رہنما تھا بلکہ ایک سابق فوجی جنرل کے طور پر بھی اسرائیل کی تاریخ میں اہم مقام رکھتا تھا۔
اسحاق رابین 1974 میں پہلی مرتبہ اسرائیل کے وزیراعظم بنے، بعد ازاں 1992 میں دوبارہ اس عہدے پر فائز ہوئے اور اپنی زندگی کے آخری دن یعنی 4 نومبر 1995 تک اسی منصب پر موجود رہے۔
ان کی زندگی کا سب سے اہم اور متنازع پہلو ان کا فلسطین کے ساتھ امن کی راہ ہموار کرنا تھا، جس کے تحت انہوں نے تاریخی اوسلو معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ ایک اہم پیشرفت تھا جس میں فلسطینی علاقوں کو محدود خودمختاری دی گئی اور اسرائیل و فلسطین کے درمیان باقاعدہ امن قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔
تاہم ان کے اس اقدام نے اسرائیلی سیاست اور مذہبی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا۔ دائیں بازو کے شدت پسند یہودی حلقے، جن میں مذہبی رہنما اور سیاسی جماعتیں شامل تھیں، اس معاہدے کو مقدس سرزمین کی غداری قرار دینے لگے۔
اس فضا کو سب سے زیادہ تقویت اس وقت ملی جب حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت، لیکوڈ پارٹی کے رہنما بنیامین نیتن یاہو نے بھی اس مہم کا حصہ بننا شروع کیا اور اس کے بعد عوامی جلسوں میں اسحاق رابین کے خلاف نعرے، تقاریر اور حتیٰ کہ ان کی موت کی دعائیں عام ہو گئیں۔
صہیونیوں کی یہی اشتعال انگیزی ایک جنونی ذہن پر اثر کر گئی۔ ییگال عامیر نامی ایک یہودی قانون کا طالبعلم، جو مذہبی شدت پسندی میں ڈوبا ہوا تھا، اسحاق رابین کو اسرائیل کے لیے خطرہ سمجھنے لگا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہودیت کا مذہبی قانون اسے اجازت دیتا ہے کہ وہ اسحاق رابین کو قتل کر کے اسرائیل کو بچا سکتا ہے۔
بالآخر 4 نومبر 1995 کو تل ابیب میں ایک عوامی اجتماع کے بعد جب اسحاق رابین اپنی گاڑی میں بیٹھنے والے تھے، عامیر نے ان پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں ان کے سینے اور پیٹ پر لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ اسرائیلی معاشرے میں زلزلہ بن کر آیا۔ وہ وزیراعظم جو جنگوں سے گزر کر آیا تھا، اپنے ہی ملک میں، اپنے ہی عقیدے کے ایک شخص کے ہاتھوں مارا گیا۔ اس وقت کے اسرائیلی انٹیلیجنس کے سربراہ کارمی گیلون نے بعد میں اعتراف کیا کہ انہیں ممکنہ حملے کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
انہوں نے اسحاق رابین کو بلٹ پروف جیکٹ پہننے اور محفوظ گاڑی استعمال کرنے کی تجویز بھی دی، مگر رابین نے اسے مسترد کر دیا۔ کارمی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے نیتن یاہو سے رابطہ کر کے درخواست کی تھی کہ وہ وزیر اعظم کے خلاف نفرت انگیز تقاریر بند کریں، مگر نیتن یاہو نے کوئی مثبت جواب نہ دیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ٹرمپ کا فلسطین فارمولا، مجرم ہی منصف!
اسلام ٹائمز: میں یہاں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ جب اسرائیل کا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے تو حماس نے جنگ شروع کیوں کی۔ یاد رکھیں، جنگیں بہادری، قربانی اور اصولوں کے بغیر نہیں لڑی جا سکتیں۔ آزادی کی تحریکوں میں انسانی قربانیوں کی نہیں مقصد اور کاز کی اہمیت کو دیکھا جاتا ہے، جس کیلئے قربانیاں دی جا رہی ہوتی ہیں۔ تحریر: سید منیر حسین گیلانی
کافی عرصے بعد غزہ میں جاری انسانیت سوز بربریت کے مسئلے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس اسرائیل جنگ ختم کرنے کیلئے 20 نکاتی فارمولا دیا ہے۔ پہلے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عرب اور غیر غرب مسلم ممالک کے سربراہوں کے سامنے یہ فارمولا پیش کیا گیا اور پھر کچھ دنوں بعد درندہ صفت اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے ہاں بلا کر اسے اعتماد میں لیا۔ پھر دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ نیتن یاہو کی پریس کانفرنس کو نمایاں طور پر عالمی میڈیا پر دکھایا گیا، جس میں اس نے حماس کیساتھ جنگ بندی کے نکات پڑھ کر سنائے۔ اس کی تفصیلات آج دنیا کے سامنے آچکی ہیں اور تبصرے جاری ہیں۔ ان نکات میں دو ریاستی فارمولے کا کہیں کوئی ذکر تک نہیں، جس پر میاں شہباز شریف اور دوسرے رہنماء بغلیں بجا رہے تھے کہ ہم نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کر دی ہے۔ میں حیران ہوں کہ یورپ کے چند ممالک نے جب فلسطین کو تسلیم کیا تو اعلان کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کی خاطر انسانیت کے نام پر دو ریاستی حل کروائیں گے، لیکن ٹرمپ کے امن فارمولے میں اس کا ذکر نہ ہونے پر کسی نے نہ صرف کوئی احتجاج نہیں کیا، بلکہ امریکہ کی تعریف کے پل باندھ رہے ہیں۔
میں کسی اور کی بات کیسے کروں؟ میں تو اپنے محبوب وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ذکر کرتا ہوں کہ پاکستان کی دونوں طاقتور شخصیات نے ٹرمپ سے ملاقاتیں کیں، خوشگوار موڈ اور قہقہوں کو بار بار میڈیا پر دکھایا گیا، وزیراعظم نے اس امن فارمولے کے منظر عام پر آنے سے بھی پہلے ہی اس کی حمایت کر دی تھی اور ٹرمپ کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کر دیئے تھے، اسی طرح کی کیفیت سعودی عرب کی طرف سے دیکھنے کو ملی، حالانکہ اس میں دور یاستی حل کا اشارہ تک نہیں، حتیٰ کہ فلسطینیوں کے حق آزادی تک کی کوئی بات اس دستاویز میں شامل نہیں۔ میں اس بات پر بھی تعجب کی کیفیت سے گزر رہا ہوں کہ اس فارمولے میں دو ریاستی حل کی تو کوئی بات نہیں، صرف جنگ بندی اور صیہونی قیدیوں کی رہائی زندہ یا مردہ کو ترجیح نمبر ایک پر رکھا گیا ہے اور وہ دو ممالک جو اسرائیل کی سرپرستی کرنے کی وجہ سے فریق ہیں اور لڑائی کی وجہ بنے ہوئے ہیں، انہیں کی دو شخصیات کو امن قائم کرنے کیلئے کردار دیا جا رہا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ زمانہ کا مکار اور جھوٹا شخص برطانیہ کا سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر غزہ ترقیاتی کمیٹی کا سربراہ ہوگا۔ ٹونی بلیئر وہ شخص ہے، جس نے جھوٹ بول کر عراق پر حملہ کروایا، جس میں ہزاروں بیگناہ انسان قتل، زخمی اور بےگھر ہوئے۔ اب وہ فلسطینیوں کی فلاح و بہبود کی کمیٹی کا رکن ہوگا۔ پنجابی کی کہاوت ہے:
"گدڑ کھکھڑیاں دے رکھوالے" یعنی گیدڑ خربوزے کے کھیت کی رکھوالی کرنیوالے بن گئے۔ حیران کن بات ہے کہ اس جنگ میں معصوم انسانوں کی قتل و غارت گری میں شریک رہنے والی صیہونی حکومت کی ظلم و بربریت پر سزا دینے، فلسطینیوں کی تباہ حال آبادیوں اور معیشت کی بحالی کیلئے کوئی جرمانہ اسرائیل کو ادا کرنے کا نہیں کہا گیا، بلکہ سعودی عرب اور قطر جیسے موثر مسلم ممالک وسائل دیں گے۔ یہ حقیقت ہے کہ اس وقت تک دو ریاستی فارمولا آگے نہیں بڑھے گا، جب تک کہ قابض صیہونی اسرائیلی فوج کو یہاں سے نکال نہیں دیا جاتا۔ چاہیئے تو یہ تھا کہ مغربی کنارے کا وہ حصہ جس میں بیت المقدس ہے، وہ فلسطین کا دارالحکومت بنایا جاتا، صیہونی حکومت سے آزاد کروا کر فلسطینیوں کے حوالے کیا جاتا، لیکن ایسی کوئی بات سامنے نہیں آرہی۔
فلسطینیوں کی حالیہ جدوجہد کو دو سال مکمل ہونیوالے ہیں۔ میں ان شہداء اور مجاہدین کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے 7 اکتوبر 2023ء کو ”طوفان الاقصیٰ“ کے نام سے آپریشن اپنے اس استحقاق کے ساتھ شروع کیا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر انہیں حق دیتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے قبضہ چھڑوانے کیلئے مسلح جدوجہد کریں۔ اس دو سالہ جدوجہد کے دوران حزب اللہ اور حماس کی قیادت سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار سمیت 66 ہزار بے گناہ فلسطینی شہید ہوئے۔ ایران پر اسرائیل اور امریکہ نے حملے کیے، ایران نے بھی ان کو بھرپور جواب دیا اور اس مفروضے کو پاش پاش کر دیا کہ اسرائیل اور امریکہ پر کوئی حملہ نہیں کرسکتا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطینیوں کی جدوجہد سرزمین بیت المقدس کی آزادی تک جاری رہے گی۔ میں یہاں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ جب اسرائیل کا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے تو حماس نے جنگ شروع کیوں کی۔ یاد رکھیں، جنگیں بہادری، قربانی اور اصولوں کے بغیر نہیں لڑی جا سکتیں۔ آزادی کی تحریکوں میں انسانی قربانیوں کی نہیں مقصد اور کاز کی اہمیت کو دیکھا جاتا ہے، جس کیلئے قربانیاں دی جا رہی ہوتی ہیں۔
میں یہاں یہ بھی لوگوں کو یاد دہانی کروانا چاہوں گا کہ کربلا کو سمجھے بغیر کسی تحریک آزادی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ 60 ہجری میں واضح تھا کہ یزیدی حکومت اور فوج کا مقابلہ امام حسین علیہ السلام کے 72 ساتھی نہیں کرسکتے، مگر امام عالی مقام کو اپنے نانا کے دین کے تحفظ کا مقصد عزیز تھا۔ تو انہوں نے قربانی دی۔ آج ایک مسلم ملک کی آزادی کیلئے مزید فلسطینیوں کی قربانیاں دینا پڑیں تو یہ مہنگا سودا نہیں۔ میں پاکستانی عوام اور ہر غیرت مند انسان سے گزارش کروں گا کہ پاکستان کی حکومت اور فوج سے مطالبہ کریں کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر کسی بھی فارمولے کو رد کریں اور مجوزہ دستاویز میں اپنی طرف سے ترمیم کرکے ہم نوا ساتھی مملکتوں کیساتھ سفارتی سطح پر ایسا متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں، جو فلسطینی عوام کو قابل قبول ہو اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت دے۔