لیورپول کے معروف پرتگالی فٹبالر اسپین میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
لیورپول اور پرتگال کے معروف فٹبالر دیوگو ژوٹا (Diogo Jota) 28 سال کی عمر میں اسپین میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ ان کے ساتھ ان کے 26 سالہ بھائی بھی حادثے کا شکار ہوئے۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی ہے۔
حادثہ شمال مغربی اسپین کے علاقے زامورا کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں بھائی جس لامبورگینی گاڑی میں سفر کر رہے تھے وہ سڑک سے پھسل کر ایک درخت سے ٹکرا گئی اور فوراً آگ بھڑک اٹھی۔ کاستیل و لیون کے علاقائی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا اور جائے وقوعہ پر پہنچنے پر دونوں افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے بیان میں کہا کہ ہم نے 2 چیمپیئنز کھو دیے ہیں۔ ان کی موت پرتگالی فٹبال کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، اور ہم ہر روز ان کی میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: ’پرتگالی ہوں، لیکن سعودی عرب سے ہوں‘ رونالڈو کا النصر کے ساتھ نئی کامیابیوں کا عزم
اسپین کی پولیس کے مطابق ابھی تک سرکاری طور پر شناخت نہیں کی گئی، تاہم تمام شواہد اس بات کی جانب اشارہ کر رہے ہیں کہ متوفی دیوگو ژوٹا اور ان کے بھائی ہی ہیں۔ لاشیں زامورا کے قریبی فرانزک یونٹ منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ژوٹا نے حال ہی میں 28 جون کو شادی کی تھی۔ وہ لیورپول کے لیے گزشتہ سیزن میں پریمیئر لیگ جیتنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، اور ساتھ ہی ایف اے کپ اور لیگ کپ بھی جیتا۔ ژوٹا نے 2020 میں وولورہیمپٹن سے لیورپول میں شمولیت اختیار کی تھی اور کلب کے لیے 182 میچوں میں 65 گولز اسکور کیے۔
بین الاقوامی سطح پر، ژوٹا نے پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے 49 میچ کھیلے اور 2 بار یوئیفا نیشنز لیگ جیتی۔ دیوگو ژوٹا کا شمار پرتگال اور لیورپول کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا، اور ان کی اچانک موت نے دنیائے فٹبال کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
Diogo Jota اسپین پرتگال لیورپول ہولناک ٹریفک حادثہ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسپین پرتگال لیورپول کے لیے
پڑھیں:
کراچی میں چوری کی واردات، معروف کامیڈین کی گاڑی گھر کے باہر سے چوری
معروف مزاحیہ فنکار ولی شیخ کی گاڑی ان کے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی۔ کامیڈین نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام اور حکام سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ولی شیخ نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ کراچی کے علاقے ملیر میں رہائش پذیر ہیں اور ان کی سفید رنگ کی ویگن آر گاڑی معین آباد میں ان کے گھر کے سامنے سے صبح 4 سے 5 بجے کے درمیان نامعلوم افراد چوری کرکے لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں چوری شدہ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں کہاں فروخت ہوتی ہیں؟
کامیڈین کے مطابق، گاڑی چوری ہونے کے فوراً بعد انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا، تاہم کوئی مؤثر جواب موصول نہیں ہوا۔ بعد ازاں وہ ماڈل کالونی تھانے پہنچے، جہاں پولیس نے ان کی شکایت پر مناسب ردعمل دیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ولی شیخ کا کہنا تھا کہ وہ ایک محنت کش فنکار ہیں اور بڑی مشکل سے یہ گاڑی خریدی تھی۔ انہوں نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ چوری شدہ گاڑی کو بازیاب کروا کر انہیں واپس کی جائے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے ولی شیخ نے کہا کہ وہ ان کے ویڈیو پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ ان کی آواز حکام بالا تک پہنچ سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
کامیڈین کامیڈین گاڑی چوری کراچی گاڑی چوی ولی شیخ