یوم عاشورہ  10 محرم الحرام کے موقع پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے  شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع، بالخصوص راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد میں موسلادھار اور شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو بروقت اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ڈی جی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران موسمی صورتحال کے پیش نظر خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ واسا اور دیگر محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں اضافی عملہ اور وسائل تعینات کیے جائیں، جبکہ نکاسی آب کے راستوں سے تمام رکاوٹیں ہٹا کر پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے۔ ریسکیو 1122 کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ریسکیو و ریلیف ٹیموں کو ضروری آلات کے ساتھ پیشگی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے

پڑھیں:

مصنوعی مٹھاس دماغی صحت کے لیے خطرہ؟ نئی تحقیق میں یادداشت متاثر ہونے کا اشارہ

ایک نئی سائنسی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مصنوعی مٹھاس کا زیادہ استعمال یادداشت اور ذہنی صلاحیتوں میں تیزی سے آنے والی کمی سے تعلق رکھ سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اجزا چینی کے متبادل کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں، تاہم ان کے طویل المدتی اثرات دماغی صحت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔

یہ تحقیق امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کے جریدے نیورولوجی میں شائع ہوئی، جس میں تقریباً 13 ہزار بالغ افراد کی آٹھ برس تک نگرانی کی گئی۔ تحقیق کے دوران کم یا بغیر کیلوریز والی مٹھاس کے سات عام اجزا کا جائزہ لیا گیا، جن میں ایسپارٹیم، سیکرین، ایسی سلفیم کے، اریتھریٹول، زائیلیٹول، سوربیٹول اور ٹیگاٹوز شامل تھے۔

تحقیقی نتائج کے مطابق وہ افراد جو روزانہ اوسطاً 191 ملی گرام مصنوعی مٹھاس استعمال کرتے تھے، جو تقریباً ایک کین ڈائٹ سوڈا میں موجود ایسپارٹیم کے برابر مقدار ہے، ان میں کم استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں یادداشت اور ذہنی کارکردگی میں کمی کی رفتار 62 فیصد زیادہ دیکھی گئی۔

اسی طرح درمیانی مقدار میں مصنوعی مٹھاس استعمال کرنے والے افراد میں بھی ذہنی صلاحیتوں میں کمی کا خطرہ نمایاں رہا، جہاں یہ شرح کم استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

محققین کے مطابق یہ تعلق 60 سال سے کم عمر افراد اور ذیابیطس کے مریضوں میں زیادہ نمایاں دیکھا گیا، کیونکہ یہ افراد عام چینی کے بجائے مصنوعی مٹھاس کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق میں شامل سات میٹھے اجزا میں سے صرف ٹیگاٹوز ایسا جز تھا جس کا ذہنی صلاحیتوں میں تیز رفتار کمی سے واضح تعلق سامنے نہیں آیا، جبکہ باقی چھ اجزا اس خطرے سے منسلک پائے گئے۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ، یونیورسٹی آف ساؤ پالو سے وابستہ ڈاکٹر کلاڈیا کیمی سوئیموتو نے کہا کہ مصنوعی مٹھاس کو عموماً صحت مند متبادل سمجھا جاتا ہے، لیکن تحقیق کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بعض مصنوعی میٹھے اجزا طویل عرصے تک استعمال کیے جانے کی صورت میں دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

یہ مصنوعی مٹھاس عام طور پر ڈائٹ سوڈا، فلیورڈ واٹر، انرجی ڈرنکس، دہی اور دیگر کم کیلوریز والی پراسیسڈ غذاؤں میں استعمال کی جاتی ہے۔

تاہم محققین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ ایک مشاہداتی تحقیق ہے، اس لیے اس سے یہ حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ مصنوعی مٹھاس ہی براہِ راست یادداشت میں کمی کی وجہ بنتی ہے۔ ان کے مطابق ان نتائج کی مزید تصدیق اور مختلف متبادل میٹھے اجزا کے اثرات جانچنے کے لیے مزید سائنسی تحقیق کی ضرورت ہے۔


 

متعلقہ مضامین

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں مزید بارش کی پیشگوئی
  • پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی ادائیگیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ
  • خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈز کے حادثات میں 22 افراد جاں بحق
  • گلگت بلتستان میں موسلادھار بارشوں سے سیلابی تباہی، شاہراہیں اور پل بہہ گئے، ہزاروں افراد محصور : انتباہ جاری
  • پنجاب حکومت کے اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے‘بارشوں نے تباہی مچادی
  • خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
  • بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
  • وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا مون سون کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم
  • بلاول کے پنجاب کے شہروں کی صورتحال پر سوالات، مریم اورنگزیب نے ویڈیو جاری کرکے جواب دیدیا
  • مصنوعی مٹھاس دماغی صحت کے لیے خطرہ؟ نئی تحقیق میں یادداشت متاثر ہونے کا اشارہ