نائب وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس‘ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ‘ اتصالات وفد کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں اشیاء ضروریہ اور اشیاء خوردونوش کی ملکی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر تجارت، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طلب اور رسد کی صورتحال، قیمتوں کے تعین کے رجحانات اور بازار میں ضروری اشیاء خوردونوش کی مستحکم دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دریں اثناء محمد اسحاق ڈار سے اتصالات گروپ یو اے ای کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد کی قیادت گروپ کے سی ای او حاتم دوئیدار نے کی۔ انہوں نے اتصالات گروپ کو ملک کے آئی سی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔ گروپ کے سی ای او حاتم دوئیدار نے ڈیجیٹل ترقی اور رابطے کے اہداف میں حصہ ڈالنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مذاکرات کے تناظر میں لاہور سے انقرہ کا دورہ ، نائب وزیرِ اعظم ترکی روانہ
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار 6 نومبر کو ہونے والے پاک افغان مذاکرات سے قبل ترکی کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان کی دعوت پر آئندہ ہفتے کے اوائل میں انقرہ پہنچیں گے۔ ترکی میں قیام کے دوران وہ غزہ کی صورتحال پر ہونے والے 8 وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سائیڈ لائنز پر ہونے والے سفارتی رابطوں کے فالو اپ کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک افغان ڈائیلاگ سے قبل اسلام آباد کی سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور خطے میں پاکستان ایک فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔