لاہور: چینی باشندوں کے گھر پونے 2 کروڑ کی ڈکیتی، 3 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
اسکرین گریب
لاہور پولیس کے آپریشنز ونگ نے ڈیفنس میں چینی باشندے کے گھر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی چوری کے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے سوا کروڑ روپے برآمد کر لیے۔
اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے چینی شہریوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان چینی شہری شی ڈیپو کے گھر کام کرتے تھے، ملزمان نے تین دن پہلے کیش لوٹا اور آبائی شہر چشتیاں فرار ہو گئے۔
اے ایس پی شہر بانو نقوی کے مطابق دو ملزمان سیکیورٹی گارڈ شبیر اور امتیاز نے تیسرے شخص علی عزیر سے مل کر واردات کی تھی۔
شہر بانو نقوی نے مزید بتایا کہ ملزمان سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے برآمد ہو چکے ہیں جبکہ باقی پیسوں کی برآمد گی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔