ٹرمپ کے بیان کے بعد روسی ردِعمل: 728 ڈرونز کے ساتھ یوکرین پر سب سے بڑا فضائی حملہ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
کیف / ماسکو / واشنگٹن: روس نے یوکرین کے خلاف جنگ کے دوران اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کر دیا، جس میں ایک ہی رات میں ریکارڈ 728 ڈرونز استعمال کیے گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیف کو مزید دفاعی ہتھیار فراہم کرنے کے وعدے اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر براہِ راست تنقید کے بعد کیا گیا۔
یوکرین کی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تقریباً تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا، جس میں الیکٹرانک جیمنگ سسٹمز کا استعمال بھی شامل تھا۔ حملہ حالیہ ہفتوں میں بڑھتے ہوئے روسی فضائی حملوں کا تسلسل ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کی جنگی فنڈنگ کے ذرائع، خاص طور پر روسی تیل خریدنے والے ممالک پر فوری طور پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت ہے۔
زیلنسکی نے امریکا سے فضائی دفاعی نظام اور اسلحہ کی فوری فراہمی کے لیے رابطے تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ ایک ایسے قانون کی حمایت کریں گے جس کے تحت روسی برآمدات پر 500 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، جس میں تیل، گیس، یورینیم بھی شامل ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا: "ہم کچھ سرپرائز رکھنا چاہتے ہیں" اور پیوٹن کو "خوش اخلاق مگر بے معنی" قرار دیا۔
ادھر یورپی یونین بھی ماسکو پر نئی پابندیاں لگانے پر غور کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے دوبارہ صدارت سنبھالنے سے قبل یوکرین جنگ کے جلد خاتمے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اب تک روس نے ٹرمپ کی غیر مشروط جنگ بندی کی تجویز قبول نہیں کی، جبکہ یوکرین اسے تسلیم کر چکا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کا فلسطین پر حملہ سنگین جرم ہے، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے حکومت نے کوشش کی تو جماعت اسلامی مزاحمت کو لیڈ کرے گی، جماعت اسلامی اسرائیل کو تسلیم کرنے پر پوری مزاحمت کرے گی،وزیر اعظم نوٹس لیں پالیسی واضح ہے دو ریاستی حل کی بات کرتے ہیں، حماس نے جس زمین پر حملہ کیا تو 181 کے تحت اسی کی تھی،اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ لاہور میں لیاقت بلوچ، امیر العظیم سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی و قومی سطح پر مسائل ہیں، فلسطین میں روزانہ کی بنیاد پر امریکی بیانات آ رہے ہیں، جنگی بندی ہو جائے گی لیکن مسلسل اسرائیلی دہشتگردی ہو رہی ہے، روزانہ سو سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے، بچوں اور کھانا لینے والوں پر بمباری کی جا رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی امداد میں اضافہ کر دیا ہے، اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو اسے شاندار کارنامہ انجام دیا اور پھر کانگریس سے پوچھے بغیر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا، ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کا فلسطین پر حملہ سنگین جرم ہے، امریکہ سیز فائر کروا کر نوبل انعام حاصل کرتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ امریکہ کا منافقانہ کردار دنیا کے سامنے آیا تو پاکستان امریکہ پر دبائو ڈالے، اسرائیل دہشت گرد ملک بن کر دنیا کے سامنے آیا ہے، ایسی باتیں ہو رہی ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کر سکتے ہیں، جس وزیر نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی گفتگو کی، قوم بھرپور مزاحمت کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے حکومت نے کوشش کی تو جماعت اسلامی مزاحمت کو لیڈ کرے گی، جماعت اسلامی اسرائیل کو تسلیم کرنے پر پوری مزاحمت کرے گی،وزیر اعظم نوٹس لیں پالیسی واضح ہے دو ریاستی حل کی بات کرتے ہیں، حماس نے جس زمین پر حملہ کیا تو 181 کے تحت اسی کی تھی،اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔