فیلڈ مارشل نہ صدر بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی اُن کا ایسا کوئی ارادہ ہے، محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نہ صدر بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی اُن کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف کو نشانہ بنانے والی بدنیتی پر مبنی مہم کے پیچھے کون ہے، میں نے واضح طور پر کہا ہے کہ صدر زرداری کے استعفیٰ دینے یا صدارت سنبھالنے کی فیلڈ مارشل کسی خواہش کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہوئی اور نہ ہی ایسا کوئی خیال موجود ہے۔
وزیرداخلہ کہتے ہیں کہ صدر پاکستان کے مسلح افواج کی قیادت کے ساتھ مضبوط اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں، انہوں نے واضح طور پر کہا ہے ’’میں جانتا ہوں کہ یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے، وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں اور اس پروپیگنڈے سے کس کو فائدہ پہنچ رہا ہے‘‘، آرمی چیف کی واحد توجہ پاکستان کی مضبوطی و استحکام ہے اور کچھ نہیں، اس بیانیے میں شامل لوگوں کے لیے یہی کہوں گا کہ دشمن غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جو چاہو کرو لیکن جہاں تک ہمارا تعلق ہے ہم پاکستان کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا کریں گے۔(جاری ہے)
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔