وزیر اعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کردی
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی اور دیگر اداراجاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کی جائے تاکہ اس کو مزید فعال بنایا جائے اور کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی انجام دہی کے لیے جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات مارکیٹ کے متعلق تمام زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثراستعداد ہونی چاہیے، نیشنل ٹیرف کمیشن کی خودکار اور موثر تحقیقی استعداد ملکی کاروبار کو درپیش مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت، نیشنل ٹیرف کمیشن کی تربیت و وسائل کی کمی اور اسکے کام کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلیٹ ٹریبونل کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جاری کردہ نئی ہدایات پر پیشرفت کی بریفنگ اگلے ماہ دی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نیشنل ٹیرف کمیشن کی وفاقی وزیر
پڑھیں:
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے پُرعزم ہے: شہباز شریف
— فائل فوٹووزیرِاعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا، یہ دن اس عظیم قربانی، عزم اور وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ اللّٰہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔