کئی گھنٹے موسلا دھار بارش، چھتیں گرنے، کرنٹ سے لاہور، شیخوپورہ، قصور میں 7 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
لاہور؍ اسلام آباد؍ شیخوپورہ؍ فیروز والہ؍ نارنگ؍ قصور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندگان) ملک بھر میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی۔ لاہور میں 7 گھنٹے میں 136 ملی میٹر بارش کے تاریخی سپیل نے تباہی مچا دی۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پی این ٹی کالونی میں نالے کی دیوار ٹوٹنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی اور کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے۔ این ڈی ایم اے نے اگلے 12 گھنٹے کے دورن ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان کا الرٹ جاری کر دیا۔ ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریائوں کے قریب رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر میں موسلادھار متوقع بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران مختلف مقامات پہ چھتیں اور درخت گرنے سے بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے، ظفر علی روڈ پر درخت اوپر گرنے سے 45 سالہ راہگیر حارث جاں بحق ہو گیا۔ نشتر کالونی کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 50 سالہ بشیر جاں بحق جبکہ 42 سالہ نبیلہ بی بی اور 22 سالہ طاہرہ بشیر زخمی ہو گئیں ہیں۔ ریلوے سٹیشن کے قریب چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 سالہ بچی زینب جاں بحق جبکہ 25 سالہ بشریٰ بی بی، 45 سالہ افضل اور 4 سالہ عبدالوحید زخمی ہو گئے۔ اچھرہ کے علاقے گنج بخش روڈ پر بھینسوں کے باڑے کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 32سالہ رفاقت اور 45 سالہ احسن زخمی ہوگئے۔ اندرون ٹیکسالی گیٹ کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے 60 سالہ راشدہ بی بی زخمی ہو گئی۔ آشیانہ روڈ پر چھت گرنے سے ایک شخص ملبے تلے دب کر زخمی ہوگیا ہے۔ نارنگ منڈی میں سٹی فیڈر کا پول گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور 10 گھنٹے بعد بھی بحال نہ ہو سکا، شیخوپورہ میں شیش محل جنڈیالہ روڈ پر گھر کی دیوار گرنے سے ایک 12سالہ بچہ علی رضا شدید زخمی ہوا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ موسلا دھار بارش سے گلیوں بازاروں مین سرگودھا روڈ سمیت ڈی سی آفس اور کچہری میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔ ریگل چوک میں متعدد بیسمنٹ مارکیٹوں میں 8,8 فٹ پانی جمع ہونے سے دکانوں میں پڑا ہوا کروڑوں روپے کا سامان بھی تباہ ہوا۔ جھامکے میں بارش کے باعث چھت گرنے سے دو گائے ہلاک ہو گئیں گاؤں جے سنگھ والا نارنگ منڈی میں گھر کی چھت گر گئی جس کے ملبہ تلے دب کر 90 سالہ بشیراں بی بی جاں بحق اور 96 سالہ اسلم و 18 سالہ لائبہ دفتر اخترزخمی ہوگئے۔ شرقپور روڈ پر واقع گاؤں واہگرے میں بارش کے پانی کی نکاسی کے دوران 25 سالہ نوجوان صفدر چھت کے قریب گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ قصور کے علاقہ دولے والا میں ننھا علی گھر میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تار سے چھو جانے پر کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا، نفیش کالونی قصور میں نو سالہ علی خان بھی کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسلام آباد: سنگجانی کے قریب موٹروے پر کوسٹر کھائی میں گرنے سے 17 افراد زخمی
ویب ڈیسک : اسلام آباد سنگجانی کے قریب موٹر وے پر مسافر کوسٹر کھائی میں گرنے سے 17 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق موٹر وے ایم ون پر براہمہ اور سنگجانی کے درمیان مسافر کوسٹر بارش کے باعث پھسلن کے سبب بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق 6 زخمیوں کو پمز جبکہ 5 کو واہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ بارش کے باعث سڑک پر پھسلن بتائی گئی ہے، متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
گاڑی کا چالان، وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے جنید صفدر کا ردعمل سامنے آگیا