باجوڑ: مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا، واقعے کی رپورٹ تیار
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
پشاور:
باجوڑ میں اے این پی کے رہنما مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، ان کے قتل کی رپورٹ سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کردی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک روز قبل باجوڑ میں فائرنگ سے شہید کیے گئے اے این پی رہنما مولانا خان زیب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، انہیں ان کے آبائی علاقے ناؤگئی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ اے این پی کے صوبائی صدر افتخار حسین، سردار حسین بابک، باجوڑ کے اراکین اسمبلی نثار باز، ڈاکٹر حمید، انور زیب خان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
واقعے کی رپورٹ تیار
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 افراد نے ان پر فائرنگ کی، دہشت گردوں کا ٹارگٹ مولانا خان زیب ہی تھے، دو مقامات کی جیوفینسنگ کی جارہی ہے، فائرنگ سے مولانا خان زیب اور کانسٹیبل شیر زادہ شہید جب کہ تین افراد زخمی بھی ہوئے، واقعہ کی جگہ سے پستول کی گولیوں کے 35 خول برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی خار باجوڑ میں درج کیا گیا ہے جو کہ تھانہ خار کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کے قتل کی مذمت کی ہے اور پولیس اہلکار کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول نے مولانا خان زیب کے اہل خانہ اور اے این پی کی قیادت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوراً قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
بلاول بھٹو نے مزید کہا ہے کہ مولانا خان زیب کا قتل خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے خلاف ایف آئی آر ہے، صوبائی حکومت پُرامن سیاسی سرگرمیوں اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاسی ایکٹوسٹس کو تحفظ فراہم کرے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مولانا خان زیب باجوڑ میں اے این پی
پڑھیں:
جہلم ویلی، امتحانی نتائج میں فیل ہونے پر طالب علم کی خودکشی
جہلم ویلی کی تحصیل ہٹیاں بالا کے نواحی علاقے مکنیٹ میں انٹرمیڈیٹ کے 17 سالہ طالب علم نے مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں فیل ہونے پر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق حبیب ولد صابر شاہ نے گھر کے قریب درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ کمپیوٹر کے مضمون میں فیل ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت: بیٹی کو قتل کرکے خود کشی کا رنگ دینے والا باپ گرفتار
ذرائع کے مطابق حبیب گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شاریاں کا سابق ٹاپر تھا اور انتہائی ذہین و محنتی طالب علم کے طور پر جانا جاتا تھا۔ امتحانی نتائج کے بعد اس کی ذہنی کیفیت متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں اس نے افسوسناک قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی دباؤ اور نتائج کے خوف سے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
تحصیل ہٹیاں بالا جہلم ویلی خود کشی